رحیم یار خان ( ) بھاری رشوت لیکرنہری پانی چوری کرانے میں ملوث محکمہ انہار کا میٹ ایک بار پھر معطل‘ ایکسین نے انکوائری شروع کردی۔
تفصیل کے مطابق چند روز قبل پی ایم آئی یو کی ٹیم نے سیکشن باغ و بہار کا اچانک دورہ کیا تھا جہاں نہر آب حیات مائنر پر درجنوں پائپ لگے ہوئے تھے‘ جب پی ایم آئی یو نے اس بارے معلوم کیا تو انہیں بتایا گیا کہ یہ ایریا منظور لاشاری میٹ کا ہے جو بھاری رشوت کے عوض نہری پانی چوری میں ملوث ہے اور با اثر زمینداروں سے بھاری رشوت لے کر اپنی نگرانی میں پائپ لگوا کر پانی چوری کرواتا ہے۔ سب انجینئر محمد یونس کو جب پتا چلا کہ منظور لاشاری میٹ پانی چوری کرا رہا ہے تو سب انجینئر نے اس خلاف تار جاری کہ واقع منظور لاشاری میٹ پانی چوری میں ملوث ہے‘ اعلیٰ حکام کے حکم پر ایکسین انہار محمد صابر نے رشوت خور میٹ کو معطل کر کے شوکاز نوٹس جاری کر دیا اور انکوائری شروع کرا دی۔ پہلے بھی کرپٹ اور راشی میٹ منظور لاشاری بھاری رشوت کے عو ض با اثر زمینداروں کو پانی چوری کرواتا رہا ہے اور کئی بار معطل بھی ہو چکا ہے مگر کچھ عرصہ بعد با اثر شخصیات کی سرپرستی ہونے پر دوبارہ بحال ہو جاتا ہے۔ محکمہ انہار کے سب انجینئر محمد یونس نے بھی منظور لاشاری کو کئی بار پانی چوری نہ کروانے کا کہا کہ پانی چوری کی وجہ سے ٹیل پر پانی نہیں پہنچتا جس کی رنجش پر میٹ منظور لاشاری نے ایماندار سب انجینئر محمد یونس کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ شروع کرا دیا۔ ٹیل کے کاشتکاروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کرپٹ اور راشی میٹ منظور لاشاری کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لا کر اسے نوکری سے فارغ کیا جائے تاکہ پانی چوری کا سلسلہ رک سکے۔