دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے ایمرجنگ ٹرینڈز ان فزکس 2024“

انسٹی ٹیوٹ آف فزکس اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کےز یر اہتمام دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے ایمرجنگ ٹرینڈز ان فزکس 2024


شعبہ فزکس اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا قدیم ترین شعبہ ہے جو 1977 میں قائم کیا گیا تھا۔یونیورسٹی کے اولین شعبہ ہونے کے باعث اس شعبہ کی توجہ معیاری تعلیم پر مرکوز ہے۔ شعبہ فزکس کو جولائی 2020 میں انسٹی ٹیوٹ آف فزکس میں اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف فزکس جدید طریقہ وتدریس اور اعلیٰ معیار کی تحقیقی سرگرمیوں کے ذریعے معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیےسرگرم عمل ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف فزکس باقاعدگی سے نصاب اور تحقیقی منصوبوں کو جدید ترین معیارات پر اپ ڈیٹ کرتا ہے، تاکہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں جدید ترین پیش رفت سے جڑے رہیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف فزکس میں اعلیٰ تعلیم یافتہ غیر ملکی تربیت یافتہ فیکلٹی ہے ان میں 21 پی ایچ ڈی اور8 ایم فل ممبران شامل ہیں۔ اس وقت تقریباً پندرہ سو طلباء اس شعبے میں زیر تعلیم ہیں اور 50 سے زائد پی ایچ ڈی سکالرز مختلف شعبوں میں پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔انسٹی ٹیوٹ آف فزکس میں بی ایس، ایم ایس سی، ایم فل اور پی ایچ ڈی ڈگری پروگرام جاری ہےان میں فزکس کے بنیادی شعبوں جیسے کوانٹم، سالڈ اسٹیٹ فزکس، الیکٹروڈائنامکس اور کچھ جدید اپلائیڈ فیلڈز جیسے میڈیکل فزکس، میٹریل سائنس، کنڈینسڈ میٹر فزکس، سیمی کنڈکٹر فزکس اور شامل ہیں۔ نینو ٹیکنالوجی، خلائی سائنس، پارٹیکل فزکس، قابل تجدید توانائی، کمپیوٹیشنل فزکس، میڈیکل امیجنگ اینڈ الیکٹرانکس، بائیو میڈیکل فزکس، اور ارتھ سائنس، جہاں ہر شعبہ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہمارے ملک کی موجودہ ضروریات کے مطابق یکساں اہمیت کا حامل ہے۔ ہر سال معروف جرائد میں متعدد معیاری تحقیقی مضامین شائع ہو رہے ہیں۔

انسٹی ٹیوٹ آف فزکس ہمیشہ سے فزکس کی تعلیم اور تحقیق میں جدت کا ذریعہ رہا ہے۔ حالیہ برسوں میں جامعہ نے فزکس میں متعدد معیاری گریجویٹس اور پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈرز تیار کیے ہیں جو مختلف تحقیقی اداروں، یونیورسٹیوں، ہسپتالوں، صنعتوں اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔انسٹی ٹیو ٹ آف فزکس جدید رجحانات کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کر ا رہا ہے۔ سال 2022 میں ہونی والی پہلی بین الاقوامی کانفرنس میں سویڈن، چین ، سعودی عرب، امریکہ ، برازیل ، آسٹریلیا، اور پاکستانی جامعات سے آئے ہوئے مندوبین شریک ہوئے جنہوں نے طلباو طالبات کو فزکس کے شعبے میں ہونے والی جدید ترین ترقی سے آگاہ کیا۔ اسی طرح حالیہ ہفتے کے دوران بھی انسٹی ٹیوٹ آف فزکس کے زیر اہتمام دوسری بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ برٹش کونسل پاکستان اور کوئین میری یونیورسٹی لندن برطانیہ کے اشتراک سے ہونے والی اس بین الاقوامی کانفرنس میں برطانیہ اور پاکستان بھر کی جامعات سے آئے ہوئے مندوبین شریک ہوئے۔

پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کانفرنس کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تدریس و تحقیق کے اعلیٰ معیار کے لیے سرگرم عمل ہے۔ سائنسی شعبہ جات میں ہمارے اساتذہ،محققین اور طلباو طالبات گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور ان شعبوں سے فارغ التحصیل ایلومینائی ملک اور بیرون ملک سرکاری اور نجی شعبے میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ وائس چانسلر نے کانفرنس کے مندوبین کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پور میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ فزکس کے شعبے کے نامور ماہرین دو روزہ کانفرنس کے دوران اس شعبے میں ہونے والی تدریس و تحقیق اور جدید ترین سائنسی رجحانات پر تبادلہ خیال کریں گے اور ہمارے اساتذہ اور طلباو طالبات کو مستفید کریں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار ڈین فیکلٹی آف فزیکل اینڈ میتھیمیٹیکل سائنس و ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف فزکس نے کہا کہ اس وقت انسٹی ٹیوٹ آف فزکس میں 11 شعبہ جات میں بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگری دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد میں خصوصی تعاون پر برٹش کونسل پاکستان، کوئین میری یونیورسٹی لندن کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ پاک یو کے ایجوکیشن گیٹ وے برٹش کونسل پاکستان کی نمائندہ وردہ ڈار نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے ساتھ فیکلٹی ایکسچینج، وظائف کی فراہمی اور تحقیقی سرگرمیوں میں برطانوی جامعات سے تعاون پر کامیابی سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں اعلیٰ درجے کی تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں میں پاک یو کے ایجوکیشن گیٹ وے کے ذریعے تعاون و اشتراک جاری رہے گا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ایلن ڈریونے کلیدی خطبہ دیا۔ کانفرنس سیکرٹری ڈاکٹر کنیز فاطمہ نے دو روزہ کانفرنس کا شیڈول بتاتے ہوئے کہا کہ 7 متوازی سیشنز منعقد ہوں گے۔ پہلے سیشن میں پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد بہا ء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، پروفیسر ڈاکٹر افاق احمد پنجاب یونیورسٹی لاہور، پروفیسر ڈاکٹر اجاب خان کاسی یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ، ڈاکٹر محمد ابرار اسلامیہ یونیورسٹی کالج پشاور، پروفیسر ڈاکٹر سلیم فاروق کامسٹس یونیورسٹی وہاڑی کیمپس اور ڈاکٹر محمد ریاض پنجاب یونیورسٹی لاہور نے خطاب کیا۔ دوسرے سیشن میں ڈاکٹر سمیرا اشرف، ویمن یونیورسٹی ملتان، ڈاکٹر فیاض حسین بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، ڈاکٹر خلیل احمد ایمرسن یونیورسٹی ملتان، ڈاکٹر نیاز احمد بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، ثمن فاطمہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، عروج شاہین اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، ارم فدا ویمن یونیورسٹی ملتان اور پروفیسر ڈاکٹر نور الہدیٰ نے خطاب کیا۔شام کو کلچر نائٹ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں علاقائی موسیقی اور طلباو طالبات نے پرفارمنس پیش کیں۔کانفرنس کے ملکی اور غیر ملکی مندوبین کو بہاول پور کے تاریخی مقامات ، محلات، قلعہ ڈراور اور صحرائے چولستان کی بھی سیر کروائی گئی۔دوسرے روز تین سیشنز اور ایک ورکشاپ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کوئین میری یونیورسٹی آف لندن سے آئے ہوئے مندوبین پروفیسر ڈاکٹر ایلن ڈریو، پروفیسر ڈاکٹر الزبتھ تنیر، ڈاکٹر طیبہ ربنواز، اور این ای ڈی یونیورسٹی کراچی سے پروفیسر ڈاکٹر محمد دانش مجیب اور پروفیسر ڈاکٹر ایم اے کے لودھی یو ایس اے اور دیگر نے خطاب کیا۔

اس موقع پر پوسٹر ڈسپلے کے مقابلے بھی منعقد ہوئے اور فزکس کے نوجوان اساتذہ اور طلبا وطالبات کو یورپی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقعوں سے آگاہ کیاگیا۔ کانفرنس کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار ڈین فیکلٹی آف فزیکل اینڈ میتھمیٹیکل سائنسز و ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف فزکس نے کانفرنس کے انعقاد اور سرپرستی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے برٹش کونسل پاکستان اور ملکی اور غیر ملکی مندوبین کی کانفرنس میں شرکت کو سراہا۔


تحریر: محمد اقبال
شعبہ تعلقات عامہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور

اپنا تبصرہ بھیجیں