رحیم یارخان ( ) جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے سندھ اور پنجاب پولیس کی حکمت عملی، کچہ میں مشترکہ بیس کیمپ، پٹرولنگ، سرچ آپریشنز کا لائحہ عمل تیار اہم مقامات پر مشترکہ پکٹس قائم کر دی گئیں۔
مجوزہ علاقہ میں سندھ اور پنجاب پولیس کا مشترکہ فلیگ مارچ۔ کچہ ماچھکہ کے پولیس کیمپس پر ڈی پی او کیپٹن(ر) محمد علی ضیاء کی جانب سے بکتر گاڑیاں، جدید اسلحہ و آلات سے لیس اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔ ایس پی انوسٹی گیشن کیپٹن (ر) دوست محمد کا کچہ ماچھکہ کا دورہ۔ تفصیل کے مطابق کچہ ماچھکہ اور کچہ کشمور میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت محدود کر نے اور ان کے خلاف کارروائیاں کرنے کے لیے سندھ اور پنجاب پولیس کی مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے ڈی پی او رحیم یارخان کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء اور ایس ایس پی کشمور امجد شیخ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں افسران نے کچہ میں سندھ اور پنجاب پولیس کے مشترکہ پولیس کیمپس کے قیام، پٹرولنگ اور سرچ آپریشنز کے سلسلہ میں گفتگو کی اور طے پایا کہ فوری طور پر کچہ ماچھکہ اور کچہ کشمور میں موجود جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کے لیے علاقہ کی ناکہ بندی کر دی جائے جس پر فوری طور پر عمل درآمد کرتے ہوئے کچہ کے اطراف میں اہم مقامات پر مشترکہ پولیس پیکٹس قائم کر دی گئیں ہیں۔ جہاں پر پولیس کو بکتر بند گاڑیوں، جدید اسلحہ سے لیس پولیس نفری کی مدد حاصل رہے گی،
دریں اثناء ڈی پی او محمد علی ضیاء اور ایس ایس پی کشمور امجد شیخ کی ہدایت پر ڈی ایس پی بھونگ حسن محمود جتوئی، ایس ایچ او ماچھکہ سیف اللہ ملہی اور کشمور سے ڈی ایس پی فاروقی اور ایس ایچ او حسین شہانی کے درمیان میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ہر دو افسران کے درمیان کچہ کے متعلق ہونے والی گفتگو اور طے پائی جانے والی حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جائزہ لیا گیا جس کے بعد علاقہ میں امن و امان کو یقینی اور عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنے کے لیے سندھ اور پنجاب کے دونوں اضلاع کی پولیس نے کچہ میں مشترکہ فلیگ مارچ کیا جس میں بکتر بند گاڑیوں اور جدید اسلحہ سے لیس ضلعی پولیس کے ساتھ ایلیٹ پولیس پنجاب کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا،
ڈی پی او محمد علی ضیاء نے کچہ میں طے پانے والے اقدامات کے لیے مزید بکتر بند گاڑیاں، جدید اسحلہ اور آلات سے لیس اضافی نفری فراہم کر دی ہے جو کہ مشترکہ پولیس کیمپس میں تعینات ہونے کے ساتھ سندھ پولیس کے ساتھ مشترکہ سرچ آپریشنز میں حصہ لے گی، ڈی پی او محمد علی ضیاء کا کہنا تھا کہ علاقہ میں امن و امان کا قیام اور عوام میں احساس تحفظ کو یقینی بنانا پولیس کی ذمہ داری جسے جس کے لیے پولیس اپنے فرائض بخوبی سر انجام دیتی رہے گی۔ بعد ازاں ایس پی انوسٹی دوست محمد نے کچہ ماچکہ کا دورہ کرکے مقامی افراد اور تعینات نفری سے ملاقات کی۔
Load/Hide Comments