بہاول پور:21/مئی ( )کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر سرکاری امور کی انجام دہی کا آغاز کردیا ہے۔
انہوں نے اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں مختلف محکموں کے ڈویژنل و ڈسٹرکٹ سربراہان کے اجلاس کی صدارت کی۔ ویڈیو لنک اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، ڈپٹی کمشنر رحیم یارخاں مہتاب وسیم اظہر، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے اپنے اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات و محکموں کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن بہاول پور راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔
کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے چولستان کے علاقے چنن پیر اورگھرکن واٹر سپلائی لائن کا دورہ کیا اور گرمی کی موجودہ شدید لہر اور خشک سالی کے باعث پیدا شدہ صورتحال سے انسانی جانوں اور مویشیوں کی حفاظت، علاج معالجہ کے لئے ادویات کی فراہمی، مویشیوں کے لئے حفاظتی ویکسینیشن کے انتظامات اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالہ سے جاری امدادی کاروائیوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا،اسسٹنٹ کمشنر یزمان مجاہد عباس،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122باقر حسین، ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد چنڑ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے چولستان کے علاقے گھرکن میں واٹر سپلائی لائن اورچنن پیر کے مقام پر قائم میڈیکل اور وٹرنری کیمپس کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا نے اس موقع پرکمشنر بہاول پور ڈویژن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چولستان میں واٹر سپلائی لائنز کے ساتھ ساتھ 12 واٹر باؤزرز کے ذریعہ پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے 6 میڈیکل کیمپس سمیت بنیادی اور دیہی مراکز صحت سے بھی علاج معالجہ کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میڈیکل کیمپس اور وٹرنری کیمپس پروٹرنری ڈاکٹرز اورسٹاف ادویات کے سٹاک سمیت موجود ہے اور جانوروں کے علاج معالجہ کے ساتھ ساتھ حفاظتی ویکسینیشن کا عمل بھی جاری ہے جبکہ چولستانی علاقوں میں محکمہ لائیوسٹاک کی 12 موبائل یونٹس بھی فعال ہیں۔کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے واٹر سپلائی لائن گھر کن سے چولستانیوں اور ان کے مویشیوں کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے عمل کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود چولستانیوں سے دستیاب طبی سہولیات کے معیار بارے بھی دریافت کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف چولستان میں قائم کیمپس میں موجود رہیں اور چولستانیوں اور ان کے مویشیوں کو علاج معالجہ کی کی فراہمی کا عمل بلاتعطل جاری رکھا جائے۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر پولیو کے خاتمہ کی مہم کا آغاز کردیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا،پروفیسر ڈاکٹر نیاز مقصود، سی ای او ہیلتھ، ڈی ایچ او، ڈبلیو ایچ او کے نمائندگان موجود تھے۔کمشنر بہاولپور ڈویژن نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی جسمانی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین پلوائیں۔
انہوں نے کہا کہ 23مئی سے 27مئی کے دوران انسداد پولیو کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکمے کے افسران و سٹاف اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور دیگر افسران نے بھی پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ 23 مئی سے 25 مئی کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 8 لاکھ بچوں کو پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی جبکہ کیچ اپ ایکٹویٹی 26اور 27مئی تک کی جائے گی۔ نیز وٹامن ای کی اضافی خوراک دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر ضلع بھر میں 2649ٹیمیں فرائض انجام دیں گی جن میں 173فکسذ ٹیمیں، 2343 موبائل ٹیمیں اور 133 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔