ریاست بہاول پور کے آخری فرمانروا محسن پاکستان نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی 56ویں برسی کی تقریبات”

بہاول پور:23/مئی ( )ریاست بہاول پور کے آخری فرمانروا محسن پاکستان نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کی 56ویں برسی کے موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورکے عباسیہ کیمپس غلام محمد گھوٹوی ہال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہوئی کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ایک انسان دوست اور تعلیم دوست شخصیت کو خراج تحسین پیش کررہی ہے۔ ان نے کہاکہ امیر آف بہاول پور کی خدمات اور ریاست بہاول پور کے بارے میں انہوں نے بہت کچھ پڑھا اور یہاں آکر عملی طور پر ان کی خدمات کو دیکھا ہے۔ کمشنر بہاول پور نے کہا کہ نواب سر صادق محمدخان عباسی پنجم ہمارے قومی ہیرو ہیں اورہم کوشش کریں گے کہ آئندہ سال ان کی برسی کی تقریبات کے دائرے کو بڑھا یا جائے۔ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم محسن پاکستان ہیں اور عظیم قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔

کمشنر بہاول پور نے کہا کہ امیر آف بہاول پور نے تعلیم، صحت، انفرانسٹرکچر اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ ہز رائل ہائی نس پرنس بہاول خان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بزرگوں کی خدمات کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انتظامیہ کی جانب سے خراج تحسین پیش کرنا اور انہیں یاد کرنا انتہائی خوش آئندامر ہے۔ سر صادق محمد عباسی نے تقسیم ہند کے بعد بھارت سے آنے والے مہاجرین کی بڑی تعداد کو بہاول پور میں آباد کیا اور انہیں وسائل فراہم کیے۔

انہوں نے کہا کہ نواب سر صادق محمدخان عباسی نے زراعت، لائیو سٹاک، صحت، تعلیم، تفریح سمیت معاشی خوشحالی پر کام کیا۔ انہوں نے قیام پاکستان کے بعد پاکستان کی مالی معاونت کی اور قائداعظم کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ صادق دوست کی حیات و خدمات کو اجاگر کرنے کے لیے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی صاحبزادہ عثمان داؤد عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں محسن پاکستان کو اس طریقے سے خراج تحسین پیش نہیں کیا گیا جس کے وہ حقدار تھے لیکن وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹرا طہر محبوب کے شکرگزار ہیں جو نواب سر صادق محمد خان عباسی کی خدمات کو اجاگرکرنے کے لیے بہت کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے وائس چانسلر کی اس تجویز کی بھی حمایت کی کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نواب سر صادق محمدخان عباسی پنجم کی حیات و خدمات پر ڈاکومنٹری اور سیریل پر کام کرے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹرا طہر محبوب نے نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ نواب آف بہاول پور نے جامعہ عباسیہ سمیت نہ صرف بہاول پور بلکہ ملک بھر میں کئی تعلیمی اور رفاحی ادارے قائم کیے۔وائس چانسلر نے کہا کہ نواب آف بہاول پور ایک دوررس بصیرت رکھنے والے حکمران تھے جنہوں نے پاکستان کے لیے نہ صرف اپنی ریاست وقف کی بلکہ قیام پاکستان کے بعد اسے چلانے میں قائداعظم کا ساتھ بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے نواب سر صادق کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کی کاوشوں کو آگے بڑھانے کے لیے صادق چیئر قائم کی ہے۔ ہم چاہیں گے کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی حیات و خدمات پر ڈاکو منٹری اور سیریل پر بھی کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ محسن پاکستان کی خدمات کو ہم پورے پاکستان میں پھیلائیں گے تاکہ لوگ جان سکیں کہ انہوں نے اس ملک کے لیے کیا کارنامے سر انجام دیئے۔ سابق پارلیمنٹررین سید تابش الوری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی انسانوں میں فرمانروا اور فرمانرواؤں میں انسان تھے۔ان کی خدمات کا احاطہ کرنا بہت مشکل ہے۔ خوشی ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ایسے محسن پاکستان کی خدمات کا اعتراف کر رہی ہے اور انہیں خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔ ڈین فیکلٹی آف لاء پروفیسر ڈاکٹر آفتاب حسین گیلانی نے نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کے دور میں کیے جانے والے تاریخی اقدامات کے بارے میں شرکائے تقریب کو تفصیلاً آگاہ کیا جبکہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے نواب آف بہاول پور کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر صادق چیئر پروفیسر ڈاکٹر شاہد حسن رضوی نے چیئر کے قیام اور اغراض و مقاصدپر روشنی ڈالی۔

سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی برسی کی تقریب میں وائس چانسلر گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد، ڈین فیکلٹی آف فزیکل اینڈ میتھا میٹیکل سائنسزپروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسزپروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی،چیئرپرسن شعبہ عربی پروفیسر ڈاکٹر راحیلہ خالد،ڈائریکٹر انفارمیشن بہاول پورڈاکٹر ناصر حمید، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل، کنٹرولر امتحانا ت پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد پراچہ،ڈاکٹر محمد طاہر، ڈینز، اساتذہ کرام اور طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں مہمانوں کو یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی شیلڈ ز بھی دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں