بہاول پور:20/نومبر( )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے اور اس سلسلہ میں تربیت یافتہ،تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور ہنرمند نوجوان نسل اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعہ نالج اکانومی کو فروغ دے رہی ہے جس سے عصر حاضر کے معاشی،علمی اور تہذیبی چیلنجز سے عہدہ برا ہونے کے لئے ہماری نوجوان نسل کی علوم وفنون کے حصول کے لئے کمٹمنٹ ہمارے روشن مستقبل کی نوید ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے صوبہ بھر کی یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تقرری سو فیصد میرٹ پر کی گئی ہے کیونکہ میرٹ کے بغیر ایسے حساس مناصب پر تعیناتی کا مقصد ہزاروں نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھیلنا ہے۔یہ بات انہوں نے آج یہاں اسلامیہ یونیورسٹی کے 16ویں کانووکیشن کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ انہوں نے بطور چانسلر صوبہ پنجاب کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں ایڈہاک ازم کے خاتمہ کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر کا منصب سنبھالنے کے موقع پر ان کے لئے سب سے بڑا چیلنج یونیورسٹیوں میں نئے وائس چانسلرز کی تعیناتی تھی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 20یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تقرری میرٹ پر کی گئی ہے جس کے دور رس مثبت اور تعمیری اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ امر ناگزیر ہے کہ جس طرح وائس چانسلر کی تقرری میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہے اسی طرح وائس چانسلر صاحبان یونیورسٹی کے تمام اہم عہدوں پر میرٹ کی بنیادوں پر تقرریوں کو یقینی بنائیں۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ یہ امر باعث تشویش ہے کہ یونیورسٹی میں سال ہا سال تک شاندار خدمات سرانجام دینے کے باوجود سینڈیکیٹ بیک جنبش قلم یونیورسٹی ٹیچرز کو فارغ کر دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایڈہاک ازم کا شاخسانہ ہے جسے فوری طور پر تمام یونیورسٹیز سے ختم کیا جا رہا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی کو سولر انرجی پر منتقلی کامعاملہ تمام یونیورسٹیوں میں کلین انرجی کے عملی نفاذ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اور پنجاب کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا عمل وزیر اعظم پاکستان کے گرین اینڈ کلین پاکستان کے ویژن کی عملی تعبیر ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام یونیورسٹیوں میں طلبہ کو صاف پانی کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے کیونکہ پنجاب میں پچاس فیصد سے زائد بیماریوں کا سبب صاف پانی کا نہ ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کا یہ مشن ہے کہ اگلے چار سالوں میں پنجاب بھر میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
گورنر پنجاب نے 16ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ طلبہ کی جدید انداز میں بہترین تربیت اور نئی نسل کو جدید علوم وفنون سے آراستہ کرنے کے لئے اپنا کردار مشنری جذبہ سے سرشار ہو کر ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ کامیاب تربیت یافتہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل نوجوان ملک و قوم کو درپیش مسائل غربت، ماحولیاتی آلودگی، صنعتی پسماندگی ایسے مسائل کا کامیابی سے حل تلاش کریں اور قوم کو درپیش ناخواندگی، عدم برداشت، انسانی حقوق کی فراہمی اور صنفی امتیازکے خاتمہ جیسے مسائل کے مستقل حل کے لئے اپنی خدمات سرانجام دیں تاکہ اقوام عالم میں ہمارے قابل فخر اورعظیم الشان تشخص کے احیا کو یقینی بنایا جا سکے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ جامعات میں نہ صرف لیبارٹریوں میں ریسرچ کی جائے بلکہ یونیورسٹیوں کی اکیڈمک ریسرچ اور مختلف صنعتی اداروں کے مابین باہمی روابط کے فروغ و استحکام کو یقینی بنایا جائے کیونکہ علمی ریسرچ اور سرمایہ کے باہمی اشتراک سے ہی عصر حاضر کی ترقی یافتہ قوموں نے اقوام عالم میں اپنا نام پیدا کیا ہے۔گورنر پنجاب نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے والدین اور اساتذہ کا احترام کریں کیونکہ باادب بانصیب ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ اس امر کو مت بھولیں کہ ان کے والدین نے اپنی خوشیاں قربان کر کے ان کے تعلیمی اخراجات برداشت کئے ہیں۔اسی طرح اساتذہ نے ان کو زیور تعلیم سے آراستہ کر کے ایک ہنر مند اور باکردار انسان بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کتنے بھی اعلیٰ مناصب پر فائض کیوں نہ ہو جائیں ان کو اپنے اساتذہ کی عزت وتوقیر کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہئے۔
گورنر پنجاب نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے مختلف شعبہ جات کے ڈینز، اساتذہ کرام اور یونیورسٹی سٹاف کی اپنے مشن کے ساتھ کمٹمنٹ کو قابل تحسین قرار دیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاو لپور وہ واحد یونیورسٹی ہے جس کے چوتھے کانووکیشن میں وہ شرکت کر رہے ہیں اور انہیں بہاول پور او ریہاں کے خطے کے باسیوں سے خصوصی محبت ہے۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور کے ہر کانووکیشن میں یہاں کی تابندہ اور شاندارتہذیبی علمی اور ثقافتی روایات کا شاندار مظاہرہ دیکھنے میں ملتا ہے۔
گورنر پنجاب نے یونیورسٹی کے بہترین انتظام و انصرام اور تعلیمی وتحقیقی امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے وائس چانسلر پروفیسر انجینئر ڈاکٹر اطہر محبوب کی خدمات کو سراہا۔گورنر پنجاب نے بصارت سے محروم گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طالب علم محمد حسن انیس کے لئے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔محمد حسن انیس اپنا ایوارڈ حاصل کرنے کے لئے اپنی والدہ کے ہمراہ آئے تھے۔ گورنر پنجاب نے محمد حسن انیس اور ان کی والدہ کے لئے خصوصی طور پر تالیاں بجائیں۔آخر میں انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی کی انتظامیہ کی محنت کو کارکردگی کو سراہا۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے 16ویں کانووکیشن میں 416 1لباء وطالبات کو ڈگریاں عطا کی گئیں جن میں 44طلباء نے گولڈ میڈل، 44 طلباء نے سلور میڈل، 24 طلباء کو پی ایچ ڈی اور 101طلباء کو ایم فل کی ڈگری سمیت1203طلباء کو بی ایس، ایم ایس اور ایم کی ڈگریاں عطا کی گئیں۔
تقریب میں وائس چانسلر گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف، وائس چانسلرنیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر مختیار، وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی رحیم یار خاں پروفیسر ڈاکٹر محمد سلمان طاہر، وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل،کمشنر بہاول پور ڈویژن نیئر اقبال، ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید،ممبران صوبائی اسمبلی چوہدری محمد افضل، عامر نوازچانڈیہ،فیکلٹی ممبران،طلبہ و والدین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
Load/Hide Comments