ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے حکومتی اقدامات
—– کومل رُبا
ہیٹ ویو انسانی صحت کیلئے شدید خطرناک ہے۔ جس سے احتیاط بے حد ضروری ہے۔
ہیٹ ویو کے خطرات کے تحت حکومت پنجاب بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
شدید گرمی کے پیش نظر وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے ہیٹ ویو ریلیف کیمپ قائم کر دئیے ہیں۔ جس میں اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ عوام کو ٹھنڈا پانی، سایہ،او آر ایس اور گرمی کی وجہ سے طبیعت خراب ہونے پر پیرا میڈیکل سٹاف فوراً فرسٹ ایڈ فراہم کرنے کیلئے موجود ہے۔
بہاولپور میں 24 مختلف مقامات پر ہیٹ ویو ریلیف کیمپ لگائے گئے ہیں۔کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا نے فرید گیٹ اور فوارہ چوک اور دیگر مقامات پر موجود ریلیف کیمپس کا معائنہ کیا اور انہوں نے راہگیروں کو ٹھنڈے پانی کی بوتلیں فراہم کیں۔کمشنر بہاولپور ڈویژن نے کہا کہ شدید گرمی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔اس لیے غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے پرہیز کریں۔ علاوہ ازیں باہر نکلتے وقت ٹوپی یا رومال اور پانی کی بوتل ساتھ رکھیں۔ٹھنڈے مشروبات کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔کسی بھی ہنگامی سورتحال سے نمٹنے کیلئے پراونشل ڈیزاسڑ مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی ہیلپ لائن 1192 پر کال کریں۔تاکہ بروقت طبی امداد مہیا کی جا سکے۔
کرہ ارض پر ایسی گیسز وجود میں آ رہی ہیں جو ہماری آب و ہوا کا حصہ بن کر ماحول میں بگاڑ پیدا کر دیتی ہے۔جن میں کاربن ڈائی آکسائیڈ،میتھین اور کلورو فلورو کاربن شامل ہیں۔یہ سب گیسز انسان کی وجہ سے ہی پیدا ہو رہی ہیں۔مثال کے طور پر ریفریجریٹر اور اے سی سے نکلنے والی کلورو فلورو کاربن گیس زمین کے کرہ ارض سے اوزون کی تہہ کو تباہ کر رہا ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔موسمیاتی تبدیلی زرعی نظام کو بھی متاثر کر رہی ہے گلوبل وارمنگ بنیادی طور پر زمین کی موسمی حالتوں میں تبدیلی کی وجہ ہے۔پاکستان میں ہیٹ سٹروک کی وجہ سے عوام بے حال ہے۔ہیٹ سٹروک دھوپ میں زیادہ دیر احتیاط کیے بغیر ٹھہرنے سے ہوتا ہے۔جنوبی پنجاب اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے موسمیاتی آب و ہوا نے شدت اختیار کر لی ہے اور بارشیں نہ ہونے کی بڑی وجہ درختوں کی کٹائی ہے۔جنگلات میں تیزی سے کمی واقع ہو رہی ہے جو کہ موسمیاتی تبدیلی کا باعث بن رہی ہے۔ڈویژن بہاولپور جو کہ چولستانی علاقہ ہے،ریت کی تپش کی وجہ سے دن کے وقت گرمی انتہا کو پہنچ جاتی ہے تا ہم رات پرسکون ہو جاتی ہے۔
حکومت پنجاب کے قائم کردہ ان ریلیف کیمپس سے لوگ بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
عوام الناس میں حکومت پنجاب کی اس کاوش کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔٭٭٭