ڈپٹی کمشنر کا شیخ زید ہسپتال کے شعبہ کارڈیک انسٹیٹیوٹ اور برن یونٹ کے لئے ڈسٹرکٹ جیل سے ملحقہ مختص اراضی کا دورہ،

رحیم یار خان( )ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کا شیخ زید ہسپتال و میڈیکل کالج کے شعبہ کارڈیک انسٹیٹیوٹ اور برن یونٹ کے لئے ڈسٹرکٹ جیل سے ملحقہ مختص اراضی کا دورہ، ڈسٹرکٹ جیل اور شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال کے درمیان اراضی پر تعمیرات سے متعلقہ تنازعہ کو ختم کرکے شہریوں کے وسیع تر مفاد کو ترجیح دینے کا عزم ،

برن یونٹ اور ڈسٹرکٹ جیل انتظامیہ کی جانب سے تعمیرات کو بہتر انداز سے کرنے کے لئے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا کی سربراہی میںضلعی انتظامیہ کی تکنیکی ٹیم جیل اور ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ مل کر مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرے گی جو دونوں فریقین کے لئے قابل قبول اور تعمیر عمارات کا مستقبل میں بھی بہتر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ جیل کا بھی تفصیلی دورہ کرتے ہوئے خواتین ، بچوں سمیت دیگر بیرکس اور اسیران جیل کے لئے موجود ہسپتال، کچن ، نان فارمل ایجوکیشن سسٹم کی بلڈنگ کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل سید بابر علی شاہ سمیت جیل اور شیخ زید میڈیکل کالج و ہسپتال کے ذمہ داران بھی موجو دتھے۔ڈپٹی کمشنر نے خواتین بیرک میں کمبل تقسیم کئے اور خواتین کو طبی سہولیات کی فراہمی کےلئے لیڈی ڈاکٹر کے آفس، نو عمر قیدیوں کو حصول تعلیم کے لئے علیحدہ کلاس رومز کی تعمیر کے حوالہ سے بھی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کو ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے مختلف بارکس کا دورہ کرتے ہوئے قیدیوں سے جیل انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات بارے معلومات حاصل کی اس موقع پر ایک بزرگ قیدی کی جانب سے گرم کمبل کی فرمائش پر ڈپٹی کمشنر نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو ہدایت کی کہ جیل میں موجو دتما م بزرگ قیدیوں کو نئے کمبل فراہم کئے جائیں۔انہوں نے جیل ہسپتال میں مریضوں کی عیادت ، دستیاب سہولیات اور میڈیسن سٹور کا بھی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے جیل انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔دریں اثناءڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ جیل کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے جگہ فراہم کر دی گئی ہے تاہم اس کی منتقلی میں بھی وقت درکار ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے جیل ملازمین کی رہائش گاہوں کی تعمیر اور شیخ زید ہسپتال کے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیک سمیت برن یونٹ کی تعمیر کے حوالہ سے جو دونوں اداروں کے درمیان مسائل ہیں انہیں ضلعی انتظامیہ حل کرے گی جس کے لئے مشترکہ ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو جلد اپنی سفارشات سے آگاہ کرے گی تاکہ دونوں اداروں کے مسائل خوش اسلوبی سے حل ہو سکیں ۔انہوں نے کہا کہ برن یونٹ اس ضلع کی ضرورت ہے اسے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں