پولیس کے شہدا ہمارا فخر ہیں, راجہ جہانگیر انور

بہاول پور( ) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور پنجاب پولیس کے اشتراک سے عباسیہ کیمپس کے غلام محمدگھوٹوی ہال میں شہداء پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں بہاولپور سے تعلق رکھنے والے پولیس شہداء کی فیملیز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اس موقع پر کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور کا کہنا تھا کہ پولیس کے شہدا ہمارا فخر ہیں۔ جب خاندان کا سربراہ چلا جاتا ہے تو وہ خاندان ہمیشہ دکھی رہتا ہے لیکن ان فیملیز کے جذبے قابل تحسین ہیں۔ شہدا پولیس کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے بھی پیکج دیا ہوا ہے۔ پولیس کے جوان اور افسران سارا دن اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر پھرتے ہیں۔ ان شہدا ء کی قربانی کو اللہ پاک قبول فرمائے۔

وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسرڈاکٹر اطہر محبوب کا کہنا تھا کہ میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے ان شہداء کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان کی فیملیز اور بچوں کی اعلی تعلیم کے لیے خصوصی تعاون اور وظائف کا یقین دلاتا ہوں۔ افواج پاکستان کی طرح ہماری پولیس بھی اس ملک و قوم کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے۔ یقیناً یہ شہدا ہمارا فخر ہیں۔

ریجینل پولیس آفیسر بہاولپور صادق علی ڈوگر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ شہید ہونے والے پولیس جوان اور افسران اس ملک کے لیے باعث فخر ہیں۔ ہم ان شہدا ء کے بچوں کے صبر کو اور ان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور عبادت نثار کا کہنا تھا کہ پہلے شہداء کی فیملی کا ایک سربراہ تھا لیکن اب پورا پولیس ڈیپارٹمنٹ اور افسران ہر شہید کی فیملی کے سربراہ ہیں۔

ڈپٹی کمشنر بہاولپور عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ گزشتہ 70 سالوں میں افواج پاکستان نے جس طرح بیرونی خطرات اور دشمنوں سے ملک کو بچایا اسی طرح اندرونی خطرات سے لوگوں کی حفاظت کے لیے پولیس نے کرادر ادا کیا ہے اور کر رہی ہے۔ جو پولیس کے جوان اور افسران سڑکوں پر شہید ہوتے ہیں وہ بھی ماؤں کے لخت جگر ہیں۔ آج ان شہدا کے بچوں کو سن کر بہت حیران ہوا ہوں۔ شہدا اپنے خون سے جو قرض اس ملک پر چڑھا جاتے ہیں ہم انہیں پوری زندگی ادا نہیں کر پاتے,
اس موقع پر صدر بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حافظ محمد یونس کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس ہم لوگوں کی حفاظت اور جرائم کے خاتمے کے لیے دن رات ایک کر رہی ہے اور پولیس شہداء کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ایس پی انویسٹیگیشن ارسلان زاہد نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور یوم شہداء پولیس پر روشنی ڈالی۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض سب انسپکٹر وردا شیخ نے سر انجام دئیے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی طالبہ ماہم طاہر نے تقریب میں ملی نغمے گا کر شہدا ء کی فیملیز کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے آخر میں ریجینل پولیس افیسر بہاولپور صادق علی ڈوگر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار نے شہدا کی فیملیز میں نقد رقم تقسیم کی۔تقریب میں بریگیڈر بلال حیدر، بریگیڈر محمد ظہیر اختر، پروفیسر ڈاکٹر آفتاب حسین گیلانی ڈین فیکلٹی آف لاء، پروفیسر ڈاکٹر راؤ عمران چیئرمین شعبہ لاء، احمد بلال سینئر وائس پریزیڈنٹ بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور عبیر حیدر سیکرٹری بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں