سی ای ڈی کا انتخابی اصلاحات پر خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ”

سی ای ڈی نے انتخابی اصلاحات پر خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کر دیا۔

25اگست 2022: کولیشن فار الیکشن اینڈ ڈیموکریسی (سی ای ڈی) نے وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابی اصلاحات کیلئے فوری طور پر ایک خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے۔ کولیشن کے ترجمان اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر سی پی ڈی آئی (CPDI) مختار احمد علی نےوزیر اعظم پاکستان کو تحریر کردہ ایک خط کے ذریعے 2018کے انتخابات کے نتائج کی روشنی میں انکی توجہ انتخابی اصلاحات کی ضرورت اور اہمیت کی طرف مبذول کرواتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ پاکستان نے گزشتہ دہائی کے دوران جمہوری استحکام کی جانب نمایاں پیش رفت کی ہے، جس میں انتخابات ایکٹ 2017 کا نفاذ بھی شامل ہے جو کہ ہماری سیاسی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے ، تاہم اب بھی بہت سی روکاوٹیں اورخلا باقی ہیں جن کو دور کرنا ضروری ہے تاکہ ملک کو جمہوری پٹڑی پر مضبوطی سے ڈالا جاسکے۔
مختار احمد علی نےاس خط کے ذریعے مخلوط حکومت سے گذارش کی ہے کہ وہ 2018 کے انتخابات کے انعقاد سے متعلق مختلف رپورٹس کا جائزہ لینے کے لیے وسیع تر نمائندگی کے ساتھ ایک کثیر الجماعتی خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کے لیے پارلیمنٹ میں پہل کرے۔ انہوں نے قانونی فریم ورک میں اصلاحات کے لیے سیاسی شراکت داروں، حکومتی اداروں اور سول سوسائٹی کی متعلقہ تنظیموں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے پر بھی زور دیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ 2018 کے انتخابات میں درپیش روکاوٹیں اور خلاء جیسا کہ خواتین کا کم ٹرن آؤٹ، نتائج کے اعلان میں تاخیر اوررزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (RTS) کی غیر معیاری کارکردگی کو اگلے عام انتخابات سے پہلے حل کر لیا جائے ۔ مزید برآں انہوں نے الیکشن ایکٹ 2017 میں بروقت مناسب ترامیم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ الیکشن کمیشن سمیت دیگر حکومتی اداروں کے پاس ان ترامیم کےنفاذکیلئے مناسب وقت موجود ہواور وہ مکمل تیاری کر کے اس قانون سازی کو موثر طور پر لاگو کر سکیں۔
انہوں نےامید ظاہر کی ہے کہ حکومت سی ای ڈی کے مطالبے کو تسلیم کرکے گزشتہ انتخابات کے دوران حاصل کردہ تجربات کی روشنی میں موجودہ الیکشن قوانین پر نظرثانی کے ذریعے مستقبل میں بہتر اور جمہوری انتخابات کی راہ ہموار کرنے کی ایک بہترین مثال قائم کر یگی۔

(سی ای ڈی ووٹر کی تعلیم، انتخابی مشاہدے اور جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے سول سوسائٹی کا اتحاد ہے۔ اس کا سیکرٹریٹ CPDI میں قائم ہے۔(

مزید معلومات کیلئے رابطہ کریں۔
عنبرین کنول
فون:1977401 -0318
ای میل:ambreen@cpdi-pakistan.org

اپنا تبصرہ بھیجیں