ڈویژن بھر میں آٹا کی کوئی قلت نہیں، کمشنر بہاولپور

رحیمیارخان ( )کمشنر بہاولپور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے ضلع رحیم یار خان کا تفصیلی دورہ کیا،

ڈپٹی کمشنر آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران ڈویژنل کمشنر کو ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد، امن و امان کی صورتحال، حکومتی ترجیحات پر مبنی فلاح عامہ کے اقدامات، انسداد ٹڈی دل کی کارروائیوں سمیت دیگر اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات متعین کر لی ہے۔ تعلیم و صحت کی دستیاب سہولیات کی اپ گریڈیشن اور مزید اضافہ کےلئے حکومت غیر معمولی سرمایہ کاری کر رہی ہے جبکہ مواصلات، سیوریج، میونسپل سروسز کی فراہمی ودیگر شعبوں میں ترقیاتی سکیموں پر تیز رفتار عملدرآمد کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت مکمل کوارڈینیشن کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ضلع میں جاری میگا پراجیکٹس شیخ زید میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال کے فیز ون، ٹو اور تھری سمیت خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی فیز ٹو، کیڈٹ کالج خانپور، فیروزہ فلائی اوور سمیت دیگر فلاح عامہ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے تعمیراتی پیشرفت کو مکمل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوامی ریلیف کےلئے ضلعی انتظامیہ کی انتظامی و ترقیاتی کارکردگی کو مزید بہتر اور مربوط بنانے کے لئے میرٹ پر قابل افسران کی تعیناتی عمل میں لائی ہے تاکہ برق رفتاری سے مطلوبہ اہداف حاصل کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں کی ترقی پر یکساں توجہ دی جا رہی ہے پہلی مرتبہ دیہی علاقوں کی تعمیر و ترقی حکومتی ایجنڈا میں سرفہرست ہے۔انہوں نے ڈویژن بھر میں ٹڈی دل کے خلاف ضلعی انتظامیہ، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ، زراعت، لائیو سٹاک، وائلڈ لائف سمیت دیگر اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں نے مشترکہ حکمت عملی کے تحت ٹڈی دل کے انسداد کے لئے چولستان کے دشوار علاقوں میں ٹڈی دل کے افزائشی مقامات کا سراغ لگا کر انہیں تلف کیا ، گذشتہ ماہ ٹڈی دل کے حوالہ سے الارمنگ صورتحال تھی جسے محکموں کی شبانہ روز کاوشوں نے کنٹرول میں کیا اور اس دوران ہمارے دو افسران بھی شہید ہوئے۔

اجلاس میں شہید کیپٹن پائلٹ شعب ملک اور انجینئر فواد بٹ کے درجات بلندی کی دعا بھی کی گئی۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور ناپ تول میں کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنے اختیارات سے انصاف کرتے ہوئے گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں کریں اور حکومت پنجاب کی جانب سے گراں فروشی کی روک تھام کےلئے بنائی گئی ”قیمت ایپ“ کی بھر پورتشہیر کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی سربراہی میں ادارے بہتر نتائج دے رہے ہیں اور ضلع کی مجموعی صورتحال اطمینان بخش ہے۔انہوں نے کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے عوامی نمائندگان، سول سوسائٹی، طلباء، تاجر تنظیموں کو بھی شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر ز اپنی تحصیلوں میں دستیاب جگہوں کو صاف سرسبز و شاداب بنائیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر کچرا پھنکنے پر ڈویژن بھر میںدفع144کا نفاذ کیا گیا ہے اسسٹنٹ کمشنر تاجروں اور ٹاﺅن کمیٹیوں کے ممبران سے میٹنگ کرکے حکومتی ترجیحات سے آگاہ کریں عدم تعاون کی صورت پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر حکومتی اداروں کی جانب سے کی جانے والی تمام کاوشیں بے سود ہیں، عوام کو اپنے اندر تبدیلی لانا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں آٹا کی کوئی قلت نہیں، ڈپٹی کمشنر ز نے اپنے اضلاع میں بہترحکمت عملی سے کام کیا۔ڈویژنل کمشنر نے میرج ایکٹ پر عملدرآمد سمیت ضلع میں لاءاینڈ آرڈرز کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں36ارب روپے کی لاگت سے مختلف حکومتی پیکج کے تحت فلاح عامہ کی 647سکیموں پر کام جاری ہے جبکہ ضلع میں آٹا کی کوئی قلت نہیں 915فکسڈ اور32موبائل پوائنٹس پر عوام کو آٹا حکومتی نرخوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہے۔انہوں نے بتایا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گراں فروشی کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے70لاکھ48ہزار جرمانہ،97مقدمات اور59افراد کو گرفتار کیا ہے۔ایس پی انوسٹی گیشن فراز احمد نے امن و امان کی مجموعی صورتحال او رپولیس کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ارکان پارلیمنٹ کے نمائندگان چوہدری فاروق وڑائچ، چوہدری نعیم شفیق، حاجی ظہور گجر و دیگر نے کہا کہ ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیشرفت پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نمائشی منصوبوں کی بجائے فلاح عامہ کے کاموں پر توجہ دے رہی ہے جو خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کی ترقی ناگزیر ہے جس کے لئے ارکان پالیمنٹ اپنا کردار ادا کر رہے ہیںانہوں نے کہا کہ عوامی نمائندگان اور ضلعی محکموں کے افسران کے مابین بہترین کوارڈینیشن کی بدولت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے جلد پایہ تکمیل تک پہنچیں گے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر سمیت تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور صوبائی و ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں