چیف آف دی ائیر سٹاف، سیرینا ہوٹلز انٹرنیشنل مین اور سرینا ہوٹلز کومبیکس سپورٹس انٹرنیشنل ویمن اسکواش چیمپئن شپ کا آج سے آغاز
اسلام آباد (19 اکتوبر، 2022) پاک فضائیہ اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے تعاون سے منعقدہ، چیف آف دی ائیر سٹاف سرینا ہوٹلز انٹرنیشنل مین اینڈ سرینا ہوٹلز کومبیکس اسپورٹس انٹرنیشنل ویمن اسکواش چیمپئن شپ کا میدان مصحف اسکواش کمپلیکس، اسلام آباد میں آج سجے گا۔ افتتاحی تقریب سہ پہر 3 بجے جبکہ چیمپئن شپ کا فائنل 23 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں جرمنی، سپین، مصر، سنگاپور، آسٹریا، ملائیشیا، سربیا، امریکہ، برازیل، ہنگری، انگلینڈ، قطر، جمہوریہ چیک، ایران، کویت اور پاکستان کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔
اسکواش چیمپئن شپ کا یہ فورم عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کی موجودگی میں سامعین اور اسکواش شائقین کو سنسنی خیز مقابلوں سے محظوظ کرنے کو تیار ہے۔ پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پاک فضائیہ اس طرح کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کرکے قوم کی ترقی اور ترویج کی کوششوں میں باقاعدگی سے اپنا حصہ ڈالتی رہی ہے تاکہ دنیا بھر کے کھلاڑیوں کو اپنی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں کو پرکھنے کا موقع فراہم کیا جاسکے۔ چیمپئن شپ، اسکواش کے کھیل کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے اور ایک پر امن ملک کی حیثیت سے پاکستان کے تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
*ترجمان پاک فضائیہ*