مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر خطہ میں امن کی بحالی ممکن نہیں, ڈپٹی کمشنر علی شہزاد

رحیم یار خان( )یوم کشمیر کے موقع پرضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت اور افواج کے ظلم و بربریت کے خلاف اور مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی کا انعقاد کیا گیا

۔ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کی جبکہ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری آصف مجید، وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر، ایس پی انوسٹی گیشن سرفراز احمد،پی ٹی آئی رہنما چوہدری فاروق وڑائچ، چوہدری نعیم شفیق،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شیخ محمد طاہر، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری اعتزاز انجم، ریاست علی، اشفا ق خان ایڈووکیٹ، ڈاکٹر ماجد خان، ریاض احمد نوری، قاضی خلیل الرحمن،صدر بار رائے مظہر حسین کھرل، صدر پریس کلب ڈاکٹر ممتاز مونس سمیت تمام سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاران ، سکول و کالجز کے اساتذہ و طلباءاور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات و شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکاءنے کشمیرسے اظہار یکجہتی کے لئے کشمیری جھنڈے اور مظلوم کشمیری عوام کی حمایت میں بینرز و کتبے اٹھا رکھے تھے۔ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہو کر میونسپل کارپوریشن کے سبزہ زار میں اختتام پذیر ہوئی اس موقع پر صبح10بجے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر خطہ میں امن کی بحالی ممکن نہیں۔80لاکھ کشمیریوں پر 7لاکھ50ہزار مسلح بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو دبانے کےلئے نہتے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم روا رکھے ہوئے ہیں پھر بھی تحریک آزادی کو دبایا نہیں جا سکا اور مظلوم کشمیری عوام بھارتی مسلح افواج کی بندوقوں کے سائے تلے پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کے لئے ہمیں معاشی اور علمی طور پر مضبوط ہوکر اقوام عالم کے سامنے آنا ہو گا موجودہ حکومت ہر فورم پر کشمیر کی آواز بنی ہوئی ہے اور حکومتی کوششوں سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر دنیا کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزاد فضاﺅں میں سانس لیں گے۔ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہر عالمی فورم پر کشمیر کے حوالہ سے پاکستانی قوم کا موقف ذمہ دارانہ انداز میں پیش کیا، حکومت پاکستان کی بہترین خارجہ پالیسی نے عالمی فورم پر کشمیر کے حوالہ سے بھارت کو تنہا کر دیا ہے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر ہیں اور پاکستانی قوم کی نمائندگی کا حق ادا کر رہے ہیں۔مظلوم اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم نے علاقائی امن کو داﺅ پر لگا رکھا ہے۔انشاءاللہ جلد کشمیریوں کی جدوجہد آزادی رنگ لائے گی اور مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا۔ریلی سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان طاہر، ریاض احمد نوری، ڈاکٹر ممتاز مونس، اشفاق خان ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ قاضی خلیل الرحمن نے ملک وقوم کی سلامتی،امن و امان کے قیام اور کشمیریوں کی آزادی کےلئے خصوصی دعا کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں