بہاول پور:13/ فروری( )
15ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر چولستان میوزیکل فیسٹیول کی تقریب بہاول کلب بہاول پور میں منعقد ہوئی۔
تقریب کا اہتمام ڈویژنل و ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور بہاول پور آرٹس کونسل کے باہمی اشتراک سے کیا گیا۔ ڈیزرٹ ریلی کی پندرہ سالہ تاریخ میں اس فنکشن کو منفرد مقام حاصل ہے کہ اس میں مقامی فوک میوزک کے نمائندہ اور قومی اور عالمی شہرت یافتہ گلوکاروں کو اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ تقریب میں کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری، ڈپٹی کمشنر شوذب سعید، ایم ڈی چولستان ترقیاتی ادارہ رانا سلیم احمد خاں، ڈویژنل و ضلعی افسران، معاشرہ کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات جن میں سابق صوبائی وزیر خورشید زمان قریشی، ملک حبیب اللہ بھٹہ، تحسین نواز گردیزی، سابق پرنسپل کیو ایم سی پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، معروف دانشور ظہور احمد دھریجہ، پروفیسر ڈاکٹر نصر اللہ خاں ناصر، پروفیسر نواز کاوش، معروف شاعر جہانگیر مخلص، پروگرام آفیسر ذکاء اللہ،مارکیٹنگ آفیسر مہ جبیں طاہر، صدر ویمن چیمبر آف کامرس شیریں ارشد اور ان کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز جاوید اقبال چوہدری، سیاسی و سماجی کارکن اور میڈیا کے نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب کی نظامت کے فرائض معروف کمپیئر عارف ملغانی اور شیریں ارشد نے انجام دیئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہاکڑہ تہذیب کا ثقافتی وتہذیبی ورثہ ہزاروں سال کی تابناک اور درخشندہ عظمتوں کا امین ہے اور چولستانی فوک میوزک اس عظیم تہذیبی ورثہ ک من موہنے میٹھے منٹھار اور دلوں کو موہ لینے والے سچے و سریلے سروں کے ذریعے آفاقی موسیقیت کا پیامبر ہیں۔مقررین نے کہا کہ چولستانی و فوک میوزک کی سادہ سچے نادر اور انمول جذبے جب موسیقی کے سازو آہنگ میں ڈھلتے ہیں تو وہ انسانوں کو مسحور کر دیتے ہیں۔ بہاول پور کی تاریخ میں ایک طویل عرصے کے بعد چولستانی و فوک میوزک کے انعقاد سے اس عظیم ثقافتی ورثہ کے احیاء میں نمایاں مدد ملے گی۔ مقررین نے ڈیزرٹ ریلی کے قومی و عالمی ایونٹ کے موقع پر چولستان میوزیکل فیسٹیول کے انعقاد کے ویژن کو عملی شکل دینے کے لئے کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری اور ڈپٹی کمشنر شوذب سعید کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
مقررین میں ڈائریکٹر آرٹس کونسل رانا اعجاز محمود اور صدر ویمن چیمبر آف کامرس شیریں ارشد شامل تھے۔ چولستان میوزیکل فیسٹیول میں معروف فوک سنگر جمیل پروانہ، استاد رمضان حسین، شیریں کنول، چولستانی گلوکاروں آڈو بھگت، مائی دادلی، کرشن لعل بھیل اور نوجوان گلوکاروں اورنگزیب اور ماہم نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ چولستان میوزیکل فیسٹیول کے موقع پر معروف الغوزہ نواز حاجی غلام فرید کنیرہ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں روایتی جھومر پیش کیا گیا جس نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پریس کلب بہاول پور کے عہدیداران کو ڈپٹی کمشنر شوذب سعید نے شیلڈز دیں جن میں صدر پریس کلب نصیر احمد ناصر، فضل حمید،زاہد علی خاں، محمود ظہیر،ریاض احمد بلوچ، قاسم بھٹی،محمد اطہر لاشاری، ندیم عباس، سعید احمد، عمران بھنڈر، اکرم ناصر، سلیم چوہدری،احمد علی بلوچ، محمد انور گریوال،سید عمران علی رضوی، اطہر فاروق اعوان، محمد امجد اعوان، ڈاکٹر امین باسط، مشتاق بھٹی، بقاء المحسن، نذر عباس گھلوں، وجاہت بشیر، سید عدنان علی، آصف کبیر، خالد سردار شامل ہیں۔چولستان میوزیکل فیسٹیول کے موقع پر کمشنر بہاول پور ڈویژن نے صدر ویمن چیمبر آف کامرس کو اتھنا ایوارڈ(Athena Award)حاصل کرنے پر انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ معروف شاعر جہانگیر مخلص نے کمشنر بہاول پور کو چولستان کاتصویری فن پارہ پیش کیا۔تقریب میں معروف دانشور ظہور دھریجہ نے شرکاء تقریب میں اجرک کا تحفہ پیش کیا۔