گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ ناقابل معافی جرائم ہیں،ڈپٹی کمشنر علی شہزاد

Dated:17-02-2020
رحیمیارخان ( )ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ ناقابل معافی جرائم ہیں اس کے سدباب کےلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک کردار ادا کریں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

ضلعی پرائس کنٹرو ل مجسٹریٹس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پاکستان نے نیشنل ایکشن پلان برائے انسداد ملاوٹ کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت ملاوٹ کا خاتمہ حکومت پنجاب کی پہلی ترجیح ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نقلی منرل واٹر کی تیاری و فروخت،ملاوٹ شدہ دودھ، دالیں، مصالحہ جات، چائے کی پتی اور گھی پر خصوصی توجہ دیں گے اور فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مل کر ان چھ کھانے پینے کی اشیاءمیں ملاوٹ کرنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کو کسی صورت معاف نہ کیا جائے اور کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بلاخوف و خطر کارروائی کریں، ضلعی انتظامیہ نے تاجر برادری کی مشاورت سے ہول سیل ڈیلرز و پرچون فروخت کرنے والوں کےلئے ایک مخصوص حد مقرر کی ہے جبکہ اس سے تجاوز کرنے پر ہول سیلر اور دکانداران کو اپنا سٹاک ڈکلیئر کرنا ہو گا جس کے تحت کوئی بھی ہول سیلر/دکاندار 150تھیلہ چینی 50کلو گرام، گھی /آئل200کاٹن اور آٹا100بیگ فی 20کلو گرام رکھنے کا مجاز ہے اگر اس سے زائد سٹاک موجود ہے تو تحصیل انتظامیہ کو اپنے سٹاک کی معلومات فراہم کرنا ہو گی بصورت دیگر وہ ذخیرہ اندوزی میں شمار ہو گا۔انہوں ہدایت کی کہ آٹا، چینی ، گھی ، دالیں و دیگر اشیاءایسا کوئی فرد سٹاک نہیں کر سکتا جو اس کام سے منسلک نہ ہو لہذا ایسے گوداموں کا سراغ لگائیں جہاں پر اشیاءروز مرہ ذخیرہ اندوزی کی نیت سے سٹاک کی ہوئی ہیں۔

انہوں نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی تحصیلوں میں قیمت ایپ کی بھر پور تشہیر، کسان پلیٹ فارم کی تعداد میں اضافہ ، سبزی و فروٹ منڈیوں کا ہفتہ میں تین متعلقہ ایس ڈی پی اوز کے ہمراہ وزٹ اور مقامی سطح پر سبزی و کریانہ آئٹم کو ہوم ڈلیوری سروس شروع کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔اجلاس میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مل کر ملاوٹ مافیا کے خلاف بھر پور کریک ڈاﺅن کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور پہلے مرحلہ میں دودھ کے سیل پوائنٹ اور انہیں سپلائی کرنے والوں کو چیک کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ و پیمانہ میں کمی کے خلاف سول ڈیفنس اور ڈی او انٹر پرائزز بھر پور انداز سے کارروائی کریں، سول ڈیفنس آفیسر چاروں تحصیلوں کا شیڈول مرتب کرکے ڈپٹی کمشنر آفس کو آگا کرے جبکہ کھاد و زرعی ادو یا ت اور بیج میں ملاوٹ کرنیوالوں کو بھی معافی نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی نرخ نامہ ہر چھوٹے بڑے کاروباری مراکز/ریڑھیوں پر نمایاں آویزاں ہونے چاہیے نرخ نامے آویزوں نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور تمام اشیاءمقرر کردہ نرخوں پر فروخت کی جائیں جبکہ چینی ایکس مل ریٹ سے دو روپے اضافی فی کلو گرام فروخت ہو گی جس کے لئے مارکیٹ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر چینی کا ایکس مل ریٹ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فراہم کرے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ناقص کارکردگی کے حامل دو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹس دینے کی ہدایت کی جبکہ دیگر کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر اپنی تحصیلوں کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی مانیٹر کرنے کی ہدایات دی۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گذشتہ چار ماہ میں گراں فروشی پر ضلع بھر میں82لاکھ36ہزار جرمانہ، 98مقدمات درج اور60افراد کو گرفتار کیا گیا۔

اجلاس میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)شیخ محمد طاہر، اسسٹنٹ کمشنرز چوہدری اعتزاز انجم، عامر افتخار، ملک فاروق احمد، ارشد وٹو، ایس این اے جام محمد نعیم سمیت تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں