بہاولپور کے لیے انجینئر محمد بلیغ
الرحمن کی تعلیمی خدمات اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا دورہ
انجینئر محمد بلیغ الرحمن کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ اپنی وزارت کے دور میں انہوں نے تعلیم اور امور داخلہ میں غیر معمولی خدمات سرانجام دیں- روشنیوں کے شہر کراچی میں تین دہائیوں کے بعد امن کی بحالی ہو یا فاٹا اور دیگر قبائلی علاقوں میں آزاد فضاوں کو واپس لانا اور بلوچستان کو بھی امن وآشتی سے روشناس کرایا- اعلی تعلیم کے شعبے میں 120 ارب روپے سے زائد کی گرانٹ بھی پہلی بار انہں کے دور میں فراہم کی گئی۔ یہ گرانٹ2013 میں صرف 34 ارب روپے تھی ۔ یکساں تعلیمی نصاب دراصل بلیغ الرحمن صاحب کے دور میں ہی نافذ ہوا جو اسلامی تعلیمات کےمطابق اور قومی امنگوں کا ترجمان تھا- قرآن پاک کی تعلیم کو بھی سکول، کالج اور یونیورسٹی کے نصاب کا حصہ بنایا گیا-انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے علاقے بطور رکن قومی اسمبلی، وزیر تعلیم بہاولپور کی ترقی کے لئے بھی بے پناہ خدمات سر انجام دی – نئے کالجز، پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ، ووکیشنل ادارے، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا کیمپس، دو نجی جامعات کے کیمپس، گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی، چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری سائنسز بھی انہی کے دور میں قائم ہوئ- بہاولپور میں فلائی اوور اور انڈر پاس اور شہر و دیہی علاقوں میں سڑکوں کا جال تعمیر ہوا۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کیلئے انجینئر بلیغ الرحمن نے بہت ذیادہ کام کیا _ بہاولپور کیمپس میں فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز اور ہاسٹلز کے لیے 87 کروڑ روپے، بہاولنگر کیمپس میں فیکلٹی کی عمارت کیلئے 54 کروڑ روپے اور رحیم یار خان کیمپس کی عمارت اور باونڈری وال کے لئیے 76 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور ہوئی۔
اہم بات یہ ہے کہ یہ منصوبے انہیں کے دور میں پایہ تکمیل کو بھی پہنچ گئے۔بہاولپور کے لیے بہت اعزاز کی بات ہے کہ گورنر پنجاب جیسے بڑے آئینی عہدے کے لیے انجینئر محمد بلیغ الرحمن کا انتخاب کیا گیا- انجینئر محمد بلیغ الرحمن امریکہ میں ریاست فلاڈلفیا کی نامور یونیورسٹی سے الیکٹرکل انجینیرنگ میں ڈگری یافتہ ایک بڑے سیاسی خانوادے کے چشم و چراغ ہیں۔ انکے والد میاں عقیل الرحمان نے رکن اسمبلی کے طور پر بہاولپور کی نمائندگی کی۔ گزشتہ روز گورنر پنجاب و چانسلر انجینئرمحمد بلیغ الرحمن گورنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد تیسری مرتبہ جامعہ اسلامیہ بہاولپور کے دورے پر عباسیہ کیمپس تشریف لائے۔
گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے اس موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان الیکٹرک ویل چیئر سکیم برائے یونیورسٹی طلبہ وطالبات فیز 3کی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ٹرانسپورٹ فلیٹ کے لیے 10 نئی بسوں کا افتتاح بھی کیا۔
غلام محمدگھوٹوی ہال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ خصوصی طلباء وطالبات کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے ویژن کے مطابق فروغ تعلیم کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی طلباء و طالبات بلاشبہ معاشرے کے مفید اور فعال شہری ہیں۔ حکومت کی جانب سے ان طلباء وطالبات کے لیے الیکٹرک ویل چیئرز کی فراہمی یقینی طور پر ان کی تعلیمی اور دیگر سرگرمیوں میں مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے یہ ایک انتہائی خوش آئندعمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور خصوصی طلباء وطالبات کے لیے سہولیات کی فراہمی کے لیے مثالی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وائس چانسلر انجینئرپروفیسرڈاکٹر اطہر محبوب کی سربراہی میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں ہونے والی توسیع و ترقی طلباء وطالبات کی فلاح و بہبود کے لیے کئے جانے والے اقدامات خصوصا خصوصی طلباء وطالبات کے لیے سہولیات کی فراہمی خوش آئند ہے۔ یونیورسٹی میں ان طلباء و طالبات کی مدد کے لیے خصوصی رسائی مرکز کا قیام، ان کی نقل و حمل کے لیے انفرسٹرکچر کی فراہمی، فری پک اینڈ ڈراپ سروس، ون ونڈو سیل کا قیام اور یونیورسٹی ویلفیئر سوسائٹی کا قیام انتہائی احسن اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں 250 الیکٹرک ویل چیئرز ملک کی مختلف جامعات میں تقسیم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے ادوار میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو اوالین اہمیت دی گئی اور اس شعبے کا بجٹ 34 بلین سے بڑھ کر 120 بلین کر دیا گیا۔ طلباء وطالبات کے لیے ہزاروں لیپ ٹاپ کی فراہمی، فیس معافی سکیم، نئی جامعات کا قیام، ویمن یونیورسٹیوں کا قیام، ملک میں اعلیٰ تعلیم کی ترقی کے لیے کلیدی اہمیت کے حامل تھے۔ بطور وفاقی وزیر تعلیم انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے لیے 850 ملین، بہاولنگر کیمپس کے لیے 550 ملین، رحیم یار خان کیمپس کے لیے 750 ملین کی فراہمی یقینی بنائی اور ان منصوبوں کو اسی دور میں ہی مکمل کر لیا گیا۔ بہاول پور میں ویمن یونیورسٹی کا قیام، چولستان ویٹرنری اینڈ اینمل یونیورسٹی کا قیام، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا کیمپس اور اس کے علاوہ کالجز اور پولی ٹیکنیکل کالجز کا قیام اس علاقے کی ترقی کے لیے انتہائی مفید اقدامات تھے۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہرمحبوب نے کہا کہ گورنر پنجاب و چانسلر انجینئر محمد بلیغ الرحمن کی جامعہ اسلامیہ میں تدریس و تحقیق اور ترقیاتی منصوبوں میں گہری دلچسپی انتہائی اہم ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور خصوصی طلباء وطالبات کے لیے الیکٹرک ویل چیئرز کی فراہمی پر وفاقی حکومت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی شکرگزار ہے۔
یونیورسٹی میں خصوصی طلباء وطالبات کے لیے خصوصی رسائی مرکز اور دیگر بہت سی سہولیات کی فراہمی میں یونیورسٹی کی خصوصی ٹیم دن رات کوشاں ہے۔ اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کی نمائندہ دُرِشہوار سدوزئی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان الیکٹرک ویل چیئر سکیم برائے یونیورسٹی طلبہ وطالبات کے پہلے دو مرحلوں میں پورے ملک میں 365 الیکٹرک ویل چیئرز تقسیم کی گئیں اور اب مزید 250 الیکٹرک ویل چیئرز تقسیم کی جا رہی ہیں جن میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور دیگر اداروں کے طلبہ وطالبات کو آج کی تقریب میں 20الیکٹرک ویل چیئر زدی جا رہی ہیں۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے خصوصی افراد کے رسائی مرکز کے انچارج زین خان نے تعاون و سرپرستی پر چانسلر اور وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا اور مرکز میں خصوصی افرا د کے لیے جاری سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب و چانسلرانجینئر محمدبلیغ الرحمن نے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے ہمراہ یونیورسٹی ٹرانسپورٹ فلیٹ کے لیے 10 نئی بسوں کا افتتاح کیا۔ا س موقع پر چیف ٹرانسپورٹ آفیسر خلیل الرحمن نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا ٹرانسپورٹ فلیٹ تمام کیمپسز میں شہروں کے علاوہ نواحی قصبات کے طلباء وطالبات کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔
یونیورسٹی نے اپنے وسائل سے 10 نئی بسیں خرید ی ہیں گورنر پنجاب نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلباء وطالبات کے لیے آرام دہ اور محفوظ سفر کی فراہمی بہت احسن اقدام ہے۔ تقریب میں وائس چانسلر صادق ویمن یونیورسٹی ڈاکٹرصاعقہ امتیاز، ڈائریکٹر ایچ ای سی لاہور غفور احمد چوہدری، پرنسپل صادق پبلک سکول ڈیوڈ داوڈاوڈلز، سابق ایم پی اے فوزیہ ایوب، ڈاکٹر رانا محمد طارق،میاں شاہد اقبال، ڈین فیکلٹی،اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔
گورنر پنجاب و چانسلر انجینئرمحمد بلیغ الرحمن نےگزشتہ روز اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں طلباء و طالبات اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقداما ت کو سراہا۔ انہوں نے یونیورسٹی ٹرانسپورٹ فلیٹ میں 10 نئی بسوں کے اضافے کی تعریف کی۔ طلبا کی آمد و رفت کومحفوظ اور آرام دہ بنانے پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور شعبہ ٹرانسپورٹ کو سراہا۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے چیف ٹرانسپورٹ آفیسر خلیل الرحمن نے بتایا کہ گزشتہ ساڑھے تین برسوں میں ٹرانسپورٹ فلیٹ کے لیے نئی بسوں کی خریداری کی مد میں 55 کروڑ روپے (550 ملین ) اپنے وسائل سے خرچ کیے۔اس میں تقریبا 20 کروڑ روپے کی لاگت سے مزید 10 بسوں اور 2 کوسٹروں کی خریداری بھی شامل ہے جو جلد ہی یونیورسٹی کیمپسز میں رواں دواں نظرآئیں گئیں۔ مزید برآں طلباء و طالبات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر 20 بسوں کو مارکیٹ سے رینٹ پر حاصل کیا گیا ہے۔ اس وقت رحیم یار خان کیمپس میں 11 بسیں اور 1 کوسٹر اور بہاولنگر کیمپس میں 8 بسیں اور 1 کوسٹر ملازمین اور طلباء و طالبات کو سفری سہولتیں فراہم کر رہی ہیں جبکہ بہاول پور کیمپس میں 40 بسیں اور 10 کوسٹر چل رہی ہیں ۔ گزشتہ ساڑھے تین برسوں میں یونیورسٹی نے کیمپسز کے نواحی قصبہ جات کے لیے بھی بس سروس شروع کی جن کی بدولت ہزاروں طلباء وطالبات ہاسٹل اور رہائشی اخراجات سے بچ گئے خصوصا طالبات جو اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے بعد شام کو محفوظ اور آرام دہ سفری سہولت کی بدولت اپنے گھروں کو لوٹ جاتی ہیں۔ بہاول پور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے جن نواحی قصبہ جات میں بس سروس جاری ہے ان میں صادق آباد ، کوٹ مٹھن، خان پور، منچن آباد ، ہارون آباد، حاصل پور، خیر پور ٹامیوالی، لال سوہانرہ، یزمان ، احمد پور شرقیہ، مسافر خانہ اور لودھراں شامل ہیں۔
تحریر :محمد اسد نعیم, محمد اقبال,
شعبہ تعلقات عامہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور