رحیم یارخان( )سکھر ڈویژن میں سب سے زیادہ آمدنی والا ضلع رحیم یارخان کا ریلوے اسٹیشن بنیادی سہولتوں سے محروم،صاف پانی،مسافروں کیلئے بنائے گئے بنچ اور ملازمین کی رہائش کیلئے بنائی گئی ریلوے کالونی ٹوٹ پھوٹ کا شکار،کوئی پرسان حال نہیں،ریلوے انتظامیہ نے بھی چپ سادھ لی۔
تفصیل کے مطابق سکھر ڈویژن میں سب سے زیادہ کمائی کرکے دینے والا ضلع رحیم یارخان کا ریلوے اسٹیشن بنیادی سہولیات سے محروم ہوگیا،ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کیلئے بنائے گئے بنچز بھی ٹوٹ پھوٹ گئے،اسٹیشن پر پینے کا صاف پانی تک نایاب ہوگیا،ریلوے انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث ریلوے اسٹیشن پر اور اسکے اطراف میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے،ریلوے ملازمین کی رہائش کیلئے بنائی گئی ریلوے کالونی کے کواٹرز بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئے،ریلوے اسٹیشن انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے بیشتر کواٹرز پر بااثر افراد نے قبضہ کرکے فروٹس کے سٹور اور اپنے ملازمین کو رہائشگاہیں فراہم کررکھی ہے،جب کہ محکمہ ریلوے کے ملازمین کرائے کے مکانوں پر رہنے پر مجبور ہیں،
ریلوے انتظامیہ کے ایک ذمہ دار افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ضلع رحیم یارخان ریلوے اسٹیشن اس وقت سکھر ڈویژن میں سب سے زیادہ کمائی کرکے دینے والا واحد ریلوے اسٹیشن ہے،جس کے کنٹین کے ٹھیکوں کی مد میں حکومت سالانہ کروڑوں روپے وصول کرتی ہے جبکہ ریلوے اسٹیشن کی ایک ماہ کمائی بھی کروڑوں روپے ہے مگر ریلوے انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے ضلع رحیم یارخان کا ریلوے اسٹیشن بھوت بنگلے کا منظر کا پیش کر رہا ہے،رحیم یارخان ریلوے اسٹیشن پر موجودہ حکومت کے وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی وزٹ کیا اور اس ریلوے اسٹیشن کو ماڈل ریلوے اسٹیشن بنانے اور ریلوے اسٹیشن کی تعمیر توسیع کے وعدے بھی کئے مگر تاحال ان پر کوئی عملدرآمد نہیں ہوسکا ،
مسافر اور ریلوے کا عملہ گندگی اور تعفن کے باعث پریشان حال ہیں کوئی پرسان حال نہیں،شہریوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے رحیم یارخان ریلوے اسٹیشن بارے نوٹس لینے اور صفائی ستھرائی کا مطالبہ کیا ہے۔
Load/Hide Comments