بہاول پور:23/فروری( )
کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری اور ڈپٹی کمشنر بہاول پورشوذب سعید نے پلانٹ فار پاکستان ڈے کے موقع پر محکمہ جنگلات کے ذخیرہ میں پیلکن کا پودا لگایا۔
اس موقع پر کنزرویٹر آف فاریسٹ محمد سعید تبسم، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر خالد جاوید، سابق چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ محبوب الرحمن، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر توسیع شاہد حمید، محکمہ جنگلات اور دیگر محکموں کے افسران وملازمین، ڈی ای او ایجوکیشن نصیر احمد، ایڈمن گرین بہاول پور ٹیم وقار امین یعقوب اور طلباء نے 2ہزار پودے لگائے جن میں پیلکن، جامن، سکھ چین، آلسٹونیا، املتاس، ارجن اور دیگر پودے شامل ہیں۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق ڈویژن بھر میں پودے لگائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی انسانی زندگی پر اثر انداز ہوتی ہے اور اس سلسلہ میں پودوں کا بہت اہم کردار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فضا کو صاف ستھرا اور آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لئے ہر شخص پودے لگائے اور ان کی دیکھ بھال اور آبیاری پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ پلانٹ فار پاکستان ڈے کے موقع پر ڈویژن بھر میں 42722اور ضلع بہاول پور میں 16612پودے لگائے جا رہے ہیں۔کمشنر بہاول پور نے پودوں کی اہمیت و افادیت بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پودا لگانا صدقہ جاریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور ڈویژن میں 6مارچ 2020ء کو 3لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے اوراس اہم کام کی تکمیل کے لئے سرکاری افسران وملازمین، سول سوسائٹی کے ممبران کے ساتھ ساتھ 15ہزار طلبہ حصہ لیں گے،
کنزرویٹر فاریسٹ محمد سعید تبسم نے بتایا کہ پلانٹ فار پاکستان ڈے کے موقع پر بہاول پور ضلع کے جنگلات کے ذخیرہ میں 2ہزار پودے، تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں ایک ہزار پودے جبکہ سیل پوائنٹس سے 8ہزار پودے شجرکاری کے لئے مفت دیئے جائیں گے۔نیزڈویژنل دفاتر میں 2ہزار پودے، بہاول پور ضلع کے جنگلات میں 2500پودے اور دیگر سرکاری محکموں میں 1112پودے لگائے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنربہاول پور نے پودا لگانے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پودا لگانے کے ساتھ ساتھ اس کی نگہداشت اور آبیاری پر توجہ بہت ضروری ہے اور اس سلسلہ میں باقاعدہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پودوں سے ماحول معطر اور فضا خوشگوار ہو گی۔ تقریب میں سابق چیف کنزرویٹر فاریسٹ محبوب الرحمن نے اظہار خیال کرتے ہوئے ملک میں جنگلات کی اہمیت، ضرورت اور ان کی دیکھ بھال کے حوالہ سے آگاہ کیا۔
Load/Hide Comments