میاں نواز شریف 21اکتوبر کو لازمی ملک میں پہنچیں گے اور پوری قوم اپنے لیڈر کا شاندار استقبال کرے گی, سردار ایاز صادق

رحیم یارخان( ) 21اکتوبر کو مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی پاکستان آمد کے موقع پر بھرپور استقبال کی تیاریوں کے سلسلہ میں مسلم لیگ (ن) کے ضلعی جنرل سیکرٹری وسابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں امتیازاحمد کی رہائش گاہ پر ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس میں پارٹی کے مرکزی رہنما سابق اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق اورمسلم لیگ (ن) کے ڈویژنل صدر وسابق ایم این اے نورالحسن تنویر نے خصوصی شرکت کی جبکہ کنونشن میں ضلع بھر سے پارٹی رہنماؤں‘ سابق اراکین قومی وصوبائی اسمبلی‘ پارٹی کے مختلف ونگز کے عہدیداران سمیت کارکنوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں تاخیر کرنے کا آئین میں کوئی اور طریقہ نہیں‘ عام انتخابات جنوری کے آخر یا فروری کے شروع میں ہوں گے جس کیلئے مسلم لیگ (ن) کا ہوم ورک مکمل ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف 21اکتوبر کو لازمی ملک میں پہنچیں گے اور پوری قوم اپنے لیڈر کا شاندار استقبال کرے گی۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ جو مختلف سیاسی جماعتوں کا اتحاد بنا تھا اس میں مختلف سیاسی جماعتیں اور ان کے اپنے اپنے نظریات تھے‘ پاکستان کو اتحاد اور اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے اور اسی سوچ کے تحت نواز شریف کی آمد پربلاول بھٹو کو بھی دعوت دیں گے اور کوشش ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر ملک کوبحرانوں سے نکالنے کیلئے جدوجہد میں شامل ہوں۔انہوں نے کہا کہ جنہوں نے مہنگائی کی صورتحال پیدا کی وہ تو چھپے ہوئے ہیں آج نظر نہیں آ رہے لیکن آنے والی حکومت کو چیلنج کا سامنا کرنا ہوگا‘آنکھیں بند کرلینے سے کچھ نہیں ہوگا عام آدمی کو ریلیف پہنچانے کیلئے سخت فیصلے لینا ہونگے تاکہ آنیوالے وقت میں استحکام آئے۔انہوں نے کہا کہ ہم فیئر الیکشن چاہتے ہیں تب بھی چاہتے تھے اب بھی چاہتے ہیں جو جیتے وہ اپنی اہلیت پر جیتے‘ جس نے نئی سیاسی جماعت بنانی ہے بنائے اس میں کوئی روک ٹوک نہیں ہم نواز شریف کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔

انہوں نے پارٹی عہدیداران اور کارکنوں پر زور دیا کہ آمدہ انتخابات کیلئے متحرک ہوکر کام کریں اور پارٹی کی کامیابی کیلئے بھرپور جدوجہد کرتے ہوئے گھر‘گھر نواز شریف کا پیغام عام کریں۔ ورکرز کنونشن سے مسلم لیگ (ن) کے ڈویژنل صدر وسابق ایم این اے نورالحسن تنویر‘ میزبان سابق ایم این اے میاں امتیازاحمد نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری قوم کی نظریں میاں نوازشریف کی طرف ہیں کہ ان کے آنے سے ملک بحرانوں سے نکل کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مہنگائی سے عوام پریشان ہیں لیکن وہ وقت دور نہیں جب ایک بار پھر 2018ء سے پہلے والے حالات ہوں گے اورمیاں نواز شریف ملک سے مہنگائی کا خاتمہ کرتے ہوئے پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگربنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 21اکتوبر کو میاں نواز شریف کی آمد پر پورے ملک سے عوام کا سمندر ان کے استقبال کیلئے لاہور پہنچے گا اور شاندار استقبال سے ثابت کریں گے کہ پوری قوم میاں نواز شریف کواپنا لیڈر مانتی ہے۔
اس موقع پر میاں امتیاز وحاجی محمد ابراہیم نے مہمان خصوصی ایاز صادق ودیگر مہمانوں کو روایتی اجرکیں پہنائیں ورکرز کنونشن میں سابق اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سردار ارشدلغاری‘ چوہدری محمد شفیق‘ چوہدری عمرجعفر‘ چوہدری محمود الحسن چیمہ‘ میاں اسلام اسلم‘ سیٹھ کانجی رام‘حاجی ارشدجاوید‘ مسلم لیگ (ن) ڈویژنل نائب صدر میاں خالد شاہین‘ضلعی رہنما حاجی محمدابراہیم‘سابق ایم این اے شیخ فیاض الدین کے بیٹے شیخ عمادالدین‘سابق تحصیل ناظم میاں بشیراحمد‘چوہدری شوکت داؤد‘میاں احمدامتیاز سمیت سابق یونین ناظمین‘ کونسلرز‘ خواتین عہدیداران بھی موجودتھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں