امریکا اور طالبان کے درمیان افغانستان سے غیرملکی فوجیوں کے انخلا کا تاریخی امن سمجھوتا طے پاگیا

قطر ( )امریکا اور طالبان کے درمیان افغانستان سے غیرملکی فوجیوں کے انخلا کا تاریخی امن سمجھوتا طے پاگیا ہے۔ دونوں فریقوں کے نمایندوں نے ہفتے کے روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ ایک تاریخی تقریب میں اس سمجھوتے پر دست خط کیے ہیں۔

اس سمجھوتے پر امریکا کی طرف سے خصوصی ایلچی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد اور طالبان کے رہ نما ملّا عبدالغنی برادر نے دست خط کیے ہیں۔
اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ واشنگٹن دونوں فریقوں کے درمیان طے پانے والے اس سمجھوتے پر طالبان کی جانب سے عمل درآمد کا قریب نظری سے مشاہدہ کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ طالبان نے تشدد میں کمی کے حالیہ عرصہ میں یہ ثابت کیا ہے کہ وہ پُرامن ثابت ہوں گے لیکن اگر وعدوں کی پاسداری نہیں کی جاتی اور ٹھوس اقدامات نہیں کیے جاتے تو اس سمجھوتے کا کچھ بھی مطلب نہیں ہوگا۔
مسٹر پومپیو نے طالبان پر زوردیا کہ ’’وہ القاعدہ سے تعلقات منقطع کرنے اور ریاست اسلامی (داعش) سے تعلق رکھنے والے جنگجوؤں کے خلاف لڑائی جاری رکھنے کے لیے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں۔‘‘

دوحہ میں سمجھوتے پردست خطوں کی تقریب میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت پچاس سے زیادہ ممالک کے وزرائے خارجہ اور نمایندوں نے شرکت کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے امریکا اورافغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔زلمے خلیل زاد نےایک سے زیادہ مرتبہ پاکستان کے اس کردار کو سراہا ہے اور افغانستان میں امن عمل میں تعمیری کردار پر شکریہ ادا کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں