“اقبال سب کے لیے”

بہاولپور ( ) زیرو پوائنٹ بغداد الجدید کیمپس اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور، لٹریری سوسائٹی (ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز) کی جانب سے یومِ اقبال کے پیشِ نظر سر راہ “اقبال سب کے لیے” کا انعقاد کیا گیا۔
اس تقریب کا مقصد عصر حاضر میں اقبال شناسی کی اہمیت کو واضح کرنا تھا۔
پروفیسر ڈاکٹر فیض الحسن نسیم نے اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور ڈاکٹر مصطفیٰ زیدی بطور مہمان اعزاز موجود تھے۔تقریب کی صدارت کو-ایڈوائزر آئی یو بی لٹریری سوسائٹی ڈاکٹر رمضان طاہر کاشمیری نے کی۔

نورالھدی (صدر آئی یو بی لٹریری سوسائٹی) اور حامد سلیم ہاشمی (ایگزیکٹو ممبر آئی یو بی لٹریری سوسائٹی) نے نقابت کے فرائض سر انجام دیے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت منیف پیر زادہ (ایگزیکٹو ممبر آئی یو بی قرآت اینڈ نعت سوسائٹی) نے حاصل کی۔
سعید بخاری (جنرل ممبر آئی یو بی قرآت اینڈ نعت سوسائٹی) نےحضورِ اقدس صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔
اس پروقار تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی جن کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ اقبال صاحبِ حال ہیں۔ اقبال کے نزدیک خودی نام ہے، خود شناسی کا۔ جس نے خودی کو پا لیا وہ فلسفۂ حیات و کائنات سے آشنا ہو گیا۔ اقبال کے اسی تصور کو عام کرنے کے لیے آئی یو بی لٹریری سوسائٹی سرراہ جیسی روایات قائم کرنے کے لیے پیش پیش ہے۔اقبال کے شعری مجموعہ ضربِ کلیم سےنظم “تربیت” کے ایک شعر میں اقبال فرماتے ہیں:

اہلِ دانش عام ہیں، کم یاب ہیں اہلِ نظر
کیا تعجب ہے کہ خالی رہ گیا تیرا ایاغ!

سر راہ کے انعقاد کا بنیادی مقصد اقبال شناسی سے خود شناسی تک کا سفر طے کرنا ہے جس کے نتیجے میں اوج کمال کا حصول ممکن ہے۔ نوجوانانِ ملت کو فلسفۂ خودی کو مشعلِ راہ بنا کر ترقی کی منازل طے کرنی ہیں۔
تربیت یافتہ نوجوان ہی روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔سر راه میں طلباء و طالبات نے ترنم اور تحت اللفظ کلامِ اقبال پڑھا۔
مہمانِ اعزاز ڈاکٹر مصطفٰی زیدی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے افکارِ اقبال پر روشنی ڈالی اور طلباء کو کلامِ اقبال پڑھنے اور سمجھ کر اس پر عمل کرنے کی تلقین کی۔
صدرمحفل، ڈاکٹر رمضان طاہر کاشمیری نے کلامِ اقبال میں پوشیدہ حصولِ امتیاز و توصیف کے راز افشاں کرتے ہوئے انتہائی سیر حاصل گفتگو کی۔

مہمانِ خاص پروفیسر ڈاکٹر فیض الحسن نسیم نے کلامِ اقبال کی خصوصیت واضح کرتے ہوئے اس میں موجود فہم اور جامعیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقبال کی شاعری کسی خاص دور کے لیے نہیں ہے، کلامِ اقبال کے قارئین آج بھی ان نظریات اور رجحانات سے نسبت کا اظہار کرتے ہیں جو اقبال نے تقریباً ایک صدی پہلے بیان فرمائے۔
مجلس کے اختتام پہ کو ایڈوائزر آئی یو بی لٹریری سوسائٹی جناب راشد سعیدی نے تمام حاضرین سے اظہارِ تشکر کیا۔
آخر الامر تمام شرکاء کے ساتھ گروپ فوٹو لیا گیا۔
رپورٹ: نورالہدی
صدر آئی یو بی لٹریری سوسائٹی

اپنا تبصرہ بھیجیں