رحیم یارخاں( ) شیخ زاید میڈیکل کالج رحیم یار خان کا پانچواں کانوکیشن“
گورنر پنجاب جناب انجینئر محمد بلیغ الرحمان نے بطور مہمان خصوصی اور ان کے ساتھ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم،وائس چانسلر UHSپروفیسر ڈاکٹر وحید راٹھور نے شرکت کی۔ کانوکیشن تقریب کے دوران 298 گریجویٹس کو ڈگریاں دی گئیں جس میں 52طلبا نے امتیازی نمبر حاصل کیے اور 47 نے گولڈ میڈل حاصل کیے۔
گورنر پنجاب، انجنیئر محمد بلیغ الرحمن نے شیخ زید میڈیکل کالج رحیم یار خان کے پانچویں کانووکیشن کے پرمسرت موقع پر خطاب کیا۔ انہوں نے 2017 اور 2018 کے سیشنز کی کامیابی پر 298 گریجویٹس کو مبارکباد دی اور 2022-23 کے شاندار نتائج کی ستائش کی۔ گورنر پنجاب نے شیخ زید میڈیکل کالج کی ترقی اور صحت کی بہتری کے لئے حکومت پنجاب کے عزم کا شکریہ ادا کیا، اورIDAP کے ذریعے جاری منصوبوں کی توثیق کا اعلان کیا۔ آخر میں انہوں نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کابھی شکریہ ادا کیا اور نئے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کو مبارکباد دی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے بھی اس پر وقار تقریب میں شرکت کی اورکامیاب ہونے والے ڈاکٹرز اور ان کے اہل خانہ کو مبارک باد دی اور طلبا کی بہترین کارکردگی پر شیخ زاید میڈیکل کالج کے پرنسپل اورفیکلٹی کو سراہا ۔صوبائی وزیر نے حکومت پنجاب کی صحت کے شعبے میں کارکردگی پر روشنی ڈالی اور اس شعبے میں مزید بہتری بالخصوص شیخ زاید میڈیکل کالج / ہسپتال میں جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کا اعادہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت نے ہسپتال کی تعمیر و ترقی کے لیے متحدہ عرب امارات کے خصوصی تعاون کابھی شکریہ ادا کیا۔
پرنسپل شیخ زاید میڈیکل کالج رحیم یار خان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم لغاری نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ نئے پاس ہونے والے گریجویٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی اور شیخ زاید میڈیکل کالج کے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے جامع پلان پیش کیا۔ سیشن 2017 کے طلبا نے 81 میڈلز حاصل کیے جن میں 23سونے ، 25چاندی اور 33کانسی کے تمغات شامل ہیں اور ڈاکٹر نازیہ بی بی 10 میڈلز کے ساتھ بیسٹ گریجویٹ آف دی سیشن قرار پائیں۔ سیشن2018 کے طلبا نے 137 میڈلز حاصل کیے جن میں 24 سونے ، 50چاندی اور 63 کانسی کے تمغات شامل ہیں ۔ ڈاکٹر ماہ نور احسن نے 16 میڈلز کے ساتھ سیشن 2018کے بہترین گریجویٹ کا اعزاز حاصل کیا۔ سیشن 2017 -2018 کے 298 گریجویٹس کو ان کی شاندار کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور ایوارڈز سے نوازا گیا۔ سید معیز الحق بخاری کو یونیورسٹی کے پہلے پروفیشنل امتحان میں فرسٹ پوزیشن حاصل کرنے پر خصوصی مبارک باد دی گئی۔
اس موقع پر لیجنڈری و بانی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عیص محمد نے خصوصی شرکت کی, ان کے علاوہ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آغا توحید احمد خان، میڈیا کوآرڈینیٹر ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹرعلی برہان مصطفے، اکیڈمک کونسل، فیکلٹی شیخ زید ، وکلا برادری، چیمبر آف کامرس، مخیر حضرات، طلبا اور ان کے والدین سمیت سول سوسائیٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
Load/Hide Comments