بہاول پور:3/مارچ( )بہاول پور میں کرونا وائرس سے متاثر کوئی مریض نہیں ہے۔ کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے ڈاکٹرز کی جانب سے دی جانے والی حفاظتی تدابیر کے ساتھ ساتھ حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کیا جائے اور ہر شخص صفائی کا خاص خیال رکھے۔ یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر نذیر کھچی نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس میں کہی جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، انجمن تاجران کے نمائندگان اور مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے کہا کہ کرونا وائرس کے تدارک اور اس سے محفوظ رہنے کے لئے لوگوں کا شعور اجاگراور تعلیمی اداروں میں زیرو پیریڈ میں طلبہ و طالبات کو حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا جائے,
اجلاس میں معروف پلمونالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر اعظم مشتاق نے بتایا کہ الحمد للہ بہاولپور میں کرونا وائرس کا کوئی مریض نہ ہے تاہم احتیاطی تدابیر کے پیش نظر بہاول وکٹوریہ ہسپتال اور سول ہسپتال میں آئسولیشن یونٹ قائم کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معمولی نزلہ زکام، بخار کے مریضوں کا گھروں میں رہ کر علاج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کھانسی اور چھینکنے کے وقت منہ کو ڈھانپ کر رکھیں، ہاتھ اور چہرہ کو صابن سے دھویا جائے، جگہ جگہ تھوکا نہ جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متوازن غذا استعمال کی جائے۔ ڈاکٹر اعظم مشتاق نے کہا کہ صحت مند آدمی کو ماسک لگانے کی ضرورت نہیں ہے تاہم دمہ، الرجی اور سانس کی تکلیف کے مریض ماسک استعمال کریں۔ بعد ازاں کرونا وائرس اور دیگر موذی امراض سے محفوظ رہنے کے لئے دعا کی گئی۔
٭٭٭٭٭