اسلام آباد(نیوز ڈیسک)عالمی یومِ خواتین پر دارالحکومت اسلام آباد میں نکالے گئے عورت مارچ کے شرکاء پر بعض افراد نے پتھراؤ کیا۔عورت مارچ پر پتھراؤ اس وقت کیا جب وہ اختتام کو پہنچ رہا تھا، شرکاء پر پتھر کے ساتھ جوتے اور لاٹھیاں بھی پھینکی گئیں۔مارچ کے کچھ شرکاء پتھر لگنے سے زخمی بھی ہوئے اس کے باوجود عورت مارچ کے شرکاء پُرامن طور پر منتشر ہوگئے۔عالمی یومِ خواتین کی مناسبت سے عورت ملک کے تمام ہی بڑے شہروں میں نکالے گئے ہیں۔
لاہور میں شملہ پہاڑی سے ایوان اقبال تک نکالا گیا عورت مارچ اختتام پذیر ہوچکا ہے۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج صنف نازک کی صلاحیتوں، خدمات اور معاشرے میں ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔گھر ہو یا دفتر، اسپتال ہو یا میدان جنگ ہر شعبے میں خواتین نے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے، خواتین کے عالمی دن کو منائے جانے کا مقصد صنفی امتیاز کے خاتمے اور خواتین کے مساوی حقوق کے لیے کوششوں کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔ یوم خواتین کے سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں میں تقریبات، سیمینار اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جن میں خواتین کے حقوق اور ان کے مسائل اجاگر کیے جا رہے ہیں۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ملتان میں عورت مارچ کا آغاز چوک نواں شہر سے ہوا تھا، شرکاء نے پریس کلب تک مارچ کیا، مارچ میں مختاراں مائی بھی شریک تھیں۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیغام دیا کہ تمام ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، جو ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔بہاولپور میں جماعت اسلامی خواتین ونگ کے زیر اہتمام ’تکریم نسواں‘ ریلی مسجد الاحد سے فرید گیٹ تک نکالی گئی۔فیصل آباد میں مزدور خواتین لیبر قومی موومنٹ کے زیرِ اہتمام چنیوٹ بازار چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔جھنگ، سرگودھا، گوجرانوالہ، گوجرہ اور حافظ آباد میں بھی جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام ریلیاں نکالی گئیں، جس میں خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔حیدرآباد میں قومی عوامی تحریک کی ذیلی تنظیم سندھیانی تحریک کی جانب سے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا جبکہ سماجی تنظیم کی جانب سے بھی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں وویمن سینٹر سے پریس کلب تک واک کی گئی،،،،،،،
Load/Hide Comments