بہاول پور:8/مارچ( )کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ بہاول پور زرخیز ثقافتی ورثہ کا حامل خطہ ہے۔ یہاں فنون لطیفہ سے وابستہ افراد کو اپنے فن کے مظاہرہ کے لئے زیادہ اور بہتر مواقع کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آرٹس کونسل بہاول پور کے زیر اہتمام ماضی کے مشہور اور خوبصورت گیتوں کے فیملی میوزیکل پروگرام”آواز دے کہاں ہے“ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میوزیکل پروگرام میں معروف سنگرز عاصمہ نذر، شاہد علی خان، شکیلہ خان، اورنگزیب، انیلہ اسلم اور اسلم قریشی نے اپنی آوازوں کے سر بکھیرے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے کہا کہ تفریحی سرگرمیوں کے انعقاد سے معاشرے میں مثبت رویوں کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔ موسیقی کی تقریب میں ڈائریکٹر آرٹس کونسل رانا اعجاز محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد سلیم قیصر، پروگرام آفیسر ملک ذکاء اللہ، سماجی شخصیت ملک حبیب اللہ بھٹہ، ڈائریکٹر میوزیم زبیر ربانی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
معروف سماجی کارکن و چیئر پرسن بورڈ آف ڈائریکٹرز اپوا بیگم اختر حبیب اللہ بھٹہ نے کہا ہے کہ اسلام میں عورت کو جتنا مرتبہ اور مقام حاصل ہے وہ کسی دوسرے مذہب میں نہیں ہے۔ خواتین اپنے بچوں کی بہتر تعلیم وتربیت پر توجہ دیں۔ ماں کی گود کی تربیت بہت شاندار اور قابل قدر ہے۔ خواتین اپنی اولاد کی اسلامی خطوط کے مطابق تربیت کریں تاکہ وہ اچھے شہری بن کر ملک وقوم کی بہتر انداز میں خدمت کر سکیں۔ وہ آج یہاں رشیدیہ آڈیٹوریم میں ڈویژنل سطح پر خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں۔
اس موقع پر ڈپٹی دائریکٹر سوشل ویلفیئر سحر صدیقہ، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد خورشید، محکمہ سوشل ویلفیئر، کالجز، سکول ایجوکیشن، قائد اعظم میڈیکل کالج، محکمہ بہبود آبادی، اسلامیہ یونیورسٹی اور دیگر اداروں سے خواتین نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سحر صدیقہ نے شرکائے سیمینارسے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عورت کی عظمت سے ہی معاشرے کی فلاح ممکن ہے کیونکہ باشعور عورت ہی باشعور معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرتی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد خورشید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آنحضورؐ کی آمد سے معاشرے میں عورت کو اعلیٰ مقام حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی میں عدم برداشت کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے معاشرتی ناہمواری اور طلاق جیسے معاملات بڑھتے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مائیں اپنے بچوں کی بہتر طریقہ سے پرورش کریں اور انہیں برداشت و تحمل کا درس دیں۔ انہوں نے کمشنر بہاول پور ڈویژن کی جانب سے شرکائے سیمینار کی آمد پران کا شکریہ ادا کیا۔
یاسمین مسلم ایڈووکیٹ نے خواتین کے حقوق کے حوالہ سے گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ قوانین میں خواتین کے حقوق وضع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین تعلیم حاصل کریں اور اپنے حقوق سے آگہی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر اور اس سے ملحقہ ادارے خواتین کی بہتری کے لئے قائم ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر بہبود آبادی ڈاکٹر حفصہ الرحمن نے معاشرے میں خواتین کی اہمیت اجاگر کی۔ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہینہ عمران، اسسٹنٹ پروفیسر سعدیہ حسین، اسسٹنٹ پروفیسر عشرت نورین نے اپنے اپنے خطاب میں خواتین کے عالمی دن کے حوالہ سے گفتگو کی اور خواتین کے حقوق بیان کئے۔ بعد ازاں مسز اختر حبیب اللہ بھٹہ، سحر صدیقہ، تنزیلہ رانی اور دیگر شرکاء نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر شمعیں روشن کیں۔
Load/Hide Comments