خواجہ فرید یونیورسٹی اور چینی کمپنی میں معاہدہ، طلبہ نائیجریا میں ملازمت کے لیئے تیار
تانگ انٹرنیشنل نے خواجہ فرید سے فارغ التحصیل انجینئرز کی تربیت کی،چینی زبان سکھائی
خواجہ فرید یونیورسٹی عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ افرادی قوت تیار کر رہی ہے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد مرتضیٰ
رحیم یار خان ()خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان کی انٹرنیشنلائزیشن کا سفر بتدریج آگے بڑھ رہا ہے۔ خواجہ فرید یونیورسٹی اور چینی کمپنی تانگ انٹرنیشنل کے درمیان ہوئے ایم او یو کے تحت تربیت پانے والے طلبہ اب تربیت پانے کے بعد نائیجیریا جانے کے لیے تیار ہیں۔ تین ماہ کی تربیت مکمل ہونے پر خواجہ فرید یونیورسٹی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد مرتضیٰ نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر محمد صغیر سمیت ڈینز، ایسوسی ایشن ڈینز اور دیگر تمام شعبہ جات کے سربراہان شریک ہوئے جب کہ تانگ انٹرنیشنل کے آفیشل بھی آن لائن تقریب کا حصہ بنے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد مرتضیٰ نے کہا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی اعلیٰ معیار تعلیم، اپلائیڈ ریسرچ اور عالمی معیار سے ہم آہنگ تربیت فراہم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے تاکہ نوجوان نسل کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے اور دنیا بھر میں خدمات فراہم کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس ضمن میں خواجہ فرید یونیورسٹی کے اساتذہ اور انتطامی افسران کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔ شرکا نے اس موقع پر تربیت پانے والے تمام انجینئرز کو مبارک باد دی اور مستقبل کے لیئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ خواجہ فرید یونیورسٹی اور چین کی تانگ انٹرنیشنل کمپنی کے درمیان باہمی تعاون کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے تھے جس کے تحت تانگ انٹرنیشنل نے خواجہ فرید یونیورسٹی کے ایک سو پچاس انجینئرز کی تربیت کی ذمہ داری لی تھی جس کے بعد ان انجینئرز کی افریقی ملک نائیجریا میں ملازمت کی راہ ہموار ہوئی تھی۔ اس دوران طلبہ کی پہلے پاکستان میں تربیت ، پھر چین میں لیاؤننگ پیٹرو کیمیکل کالج میں داخلہ اور ویزا پروسیسنگ اور اس کے بعد وطن واپسی کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ اس دوران ان انجینئرز کے قیام و طعام اور دیگر تمام ضروریات کی ذمہ داری تانگ انٹرنیشنل کے ذمہ تھی۔ اب یہ پاکستانی انجینئرز ذونگ ژانگ گروپ کے کیمیکل انڈسٹریل پلانٹ میں پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دیں گے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صدر قیصر غفور چوہدری ، جنرل سیکرٹری میاں محمد شوکت ، سابق صدور عاصم صدیق، چوہدری جاوید اقبال ، صدر ایمرا ملک ظہیر، جنرل سیکرٹری محمد جنید سمیت مختلف شخصیات شریک ہوئیں ۔ اس موقع پر تربیت مکمل کرنے والے انجینئرز میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔