رحیم یارخان ( ) چناب ویلفیئرسوسائٹی کے زیراہتمام سالانہ اجتماعی شادی پروگرام میں 70بچیاں پیاگھر سدھارگئیں،
گیارہویں سالانہ اجتماعی شادیوں کی تقریب کا انعقاد چناب کاٹن فیکٹری میں ہوا، ایم پی اے چوہدری نعیم شفیق اور چیئرمین چناب ویلفیئر سوسائٹی/ سابق صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عشر و زکواة چوہدری محمد شفیق نے مہمانوں کا استقبال کیا اس موقع پر ایم پی اے چوہدری نعیم شفیق اور چوہدری محمد شفیق نے میڈیا سے کہا کہ چناب ویلفیئر سوسائٹی کی بنیاد 2004ء میں رکھی گئی جبکہ اجتماعی شادیوں کا پروگرام 2014ء سے شروع کیا گیا اور آج الحمداللہ اجتماعی شادیوں کی گیارہویں تقریب ہے جس میں 70بچیوں کی شادیاں کرائی جا رہی ہیں او رمجموعی طور پر 770بچیوں کی رخصتی کی جا چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چناب ویلفیئرکو ہر ماہ 60سے70مستحق بچیوں کی شادی میں مالی معاونت فراہم کرتا ہے اور اب تک اجتماعی شادیوں کے علاوہ6 ہزار450 بچیوں کی شادیاں کروائی جا چکی ہیں، انہوں نے بتایا کہ فری آئی کیمپ کے دوران 18 ہزار860مریضوں کا مفت چیک و ادویات کی فراہمی کے علاوہ3457آپریشن کئے گئے ہیں، چناب ویلفیئر کی چار فری ایمبولینس پچھلے ایک سال میں 5380مریضوں کو مفت سروسز فراہم کر چکی ہیں جبکہ ہسپتالوں میں مستحق مریضوں کے علاج معالجہ میں بھی معاونت فراہم کی جاتی ہے اور اس سہولت سے10 ہزار 670 مریض استفادہ حاصل کر چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہدایہ ٹرسٹ کے زیر اہتمام ضلع بھر سے 8 ہزار بیوہ اور2520ہونہار، یتیم و مستحق بچوں کو تعلیم کے سلسلہ میں معقول معاونت فراہم کی جا چکی ہے ، ہدایہ ٹرسٹ ایف اے /ایف ایس سی میں نمایاں نمبر حاصل کرنے والے ہونہار بچوں کے تعلیمی اخراجات برداشت کرتا ہے اور آج وہ ہونہار بچے ڈاکٹرز و انجینئرز بن کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہدایہ ٹرسٹ ماہانہ ڈیڑھ کروڑ روپے سے بیوہ اور ہونہار مستحق طلباءو طالبات کی معاونت کر رہا ہے۔علاوہ ازیں سالانہ 1 کروڑ روپے غریب گھروں کو راشن اور9لاکھ گرم کپڑوں کی فراہمی کر صرف کئے جاتے ہیں۔اجتماعی شادی کی تقریب میں چوہدری انوار احمد نجمی، چوہدری فہیم شفیق، چوہدری وسیم شفیق، چوہدری ممتازاحمدمختار، چوہدری محمد طاہر، چوہدری عثمان رفیق، عبدالغفور خلجی، چوہدری حفیظ، چوہدری عتیق، چوہدری محمد اشرف ودیگر سمیت ضلع بھر سے سیاسی، سماجی، مذہبی و کاروباری شخصیات نے شرکت کی، سابق صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عشرو زکواة چوہدری محمد شفیق کے ہمراہ دیگر شخصیات نے دولہوں کو گھڑیاں پہنائی جبکہ عالم دین حاجی احمد دین، قاضی جواد الرحمن، قاضی خلیل الرحمٰن نے اسلامی تعلیمات پر خصوصی روشنی ڈالی۔
اس موقع پر شرکاء نے میڈیاسے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ احساس اور انسانیت سے آراستہ لوگ اثاثہ ہیں، پاکستان کا مستقبل روشن ہے کیونکہ یہ درد دل رکھنے والوں کا ملک ہے اور یہی وہ لوگ ہیں جو معاشرے کے مجبور، بے بس،غریب اور پریشان حال افراد کی مدد اور معاونت کرکے پاکستان اور آپنی آخرت کو کامیاب بنا رہے ہیں، غربت و تنگدستی کے دور میں بیمار آدمی کو علاج، تعلیم اوربچیوں کے نکاح جیسے فریضہ کی ادائیگی میں معاونت احسن اقدام ہے۔
Load/Hide Comments