اسلامیہ یونیورسٹی نے انتہائی کم قیمت اور بہتر کوالٹی کے حامل سینٹائزرز تیار کر لیے،

بہاول پور (پ ر) انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے کہا کہ آزمائس کی اس گھڑی میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے اساتذہ، طلباء اور ملازمین قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

یونیورسٹی اپنی قومی اور سماجی ذمہ داری بخوبی ادا کر رہی ہے۔ پورے ملک میں جامعات اور دیگر اِداروں کے ہاسٹلز میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ حکومت پنجاب نے اسلامیہ یونیورسٹی کے چھ ہاسٹلز کو بھی قرنطینہ مراکز میں تبدیل کر دیا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر ان سہولیات کو استعمال کیا جا سکے۔

یونیورسٹی کے شعبہ فارمیسی اور کیمسٹری انتہائی کم قیمت اور بہتر کوالٹی کے حامل سینٹائزرز تیار کر رہے ہیں۔مارکیٹ میں ان سینٹائزرز کی نایابی کے باعث جامعہ کے ماہرین اس طرح کے محلول تیار کرکے اپنی کمیونٹی کو فراہم کر رہے ہیں۔ اس طرح طلبہ وطالبات کے تعلیمی نقصان کو کم کرنے کے لیے تمام شعبہ جات نے آن لائز کلاسز کا آغاز کر دیاہے۔ طلبہ وطالبات کو گھروں میں بیٹھے تدریسی کورسز کی آن لائن اور ڈیجیٹل ذرائع سے دستیابی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

یونیورسٹی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ طلبہ وطالبات کا تعلیمی نقصان نہ ہو۔ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کورونا وائرس سے متعلق حفاظتی تدابیر اور معلومات کی فراہمی کے لیے بھی فعال ہیں۔ آکو پیشنل سیفٹی ڈیپارٹمنٹ جو حال ہی میں قائم کیا گیا ہے خصوصی پوسٹرز بنا رہا ہے جسے سوشل میڈیا پر آویزاں کیا جا رہا ہے۔ وائس چانسلر نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ پوری دنیا کو اس آزمائش سے نکالے اور ہم سب اس آفت کا مقابہ کریں جو صرف اور صرف احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات اور سماجی میل جول میں کمی اور احتیاط سے ہی ممکن ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں