مورخہ20مارچ 2020
رحیم یار خان( )تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال صادق آباد میں مبینہ طور پر ایران سے آئے زائرین کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا معاملہ ،
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، اسسٹنٹ کمشنر عامر افتخار اور ڈی ایچ او ڈاکٹر غضنفر شفیق انکوائری کمیٹی میں شامل، ضلعی انتظامیہ کے پاس کورونا وائرس سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت اور میڈیکل آلات و ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے سوشل میڈیا میں مبینہ ایرانی زائرین کی وائرل ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ٹی ایچ کیو صادق آباد میں نو تعمیر شدہ کارڈیک وارڈ میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی سکریننگ اور آئسولیشن وارڈ کے تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کر لئے گئے تھے اور ٹی ایچ کیو صادق آباد میں تربیت یافتہ ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف 24گھنٹے فرائض سر انجام دے رہا ہے اور کورونا کے مشتبہ مریضوں کے معائنہ پر موجود ڈاکٹرز و سٹاف کی ذاتی حفاظت کے لئے تمام پرسنل پروٹیکٹیو ایکوپمنٹ فراہم کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وائرل ہونے والی ویڈیو ایمرجنسی وارڈ میں بنائی گئی ہے جس کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے کہ اگر یہ زائرین ایران سے آئے ہیں تو ایمرجنسی میں موجود ڈاکٹر کو انہیں کورونا ڈیسک پر پہنچانا چاہیے تھا مگر اس نے ایسا نہ کیا اور یوں پیشہ ورانہ غفلت اور بد نیتی کا مظاہرہ کیا ہے ۔انکوائری کمیٹی24گھنٹوں میں اپنی رپورٹ مرتب کرے گی جس کی بنیاد پر ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
علاوہ ازیں اس خاندان کے 9 افراد کی کرونا وائرس کے حوالے سے پہلے ہی سکریننگ کی جا چکی ہے اور کوئی بھی مشتبہ مریض سامنے نہیں آیا۔وائرل ہونے والی ویڈیو میں موجود شخص اور اس کے خاندان میں بھی کورونا وائرس کی کوئی علامات نہیں پائی گئی۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں کورونا وائرس کے لئے بنائے گئے سکریننگ کیمپ اور آئسولیشن وارڈ میں تمام تر حفاظتی کٹس اور ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں اور ضلعی انتظامیہ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کےلئے مکمل تیار ہے۔
Load/Hide Comments