مورخہ24مارچ 2020
رحیم یار خان( )ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے ہر ممکن انسانی وسائل کا استعمال کیا جا رہا ہے،شہری غیر ضروری گھروں سے نہ نکلتے ہوئے حکومتی اقدامات کو کامیابی سے ہمکنار کر سکتے ہیں۔
ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ کے ہمراہ انہوں نے ضلعی رابطہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ عوام حکومت کی جانب سے نافذ کردہ پابندیوں کی پاسداری کریں تاکہ جلد از جلد اس موذی وبا کا ارض پاک سے خاتمہ کیا جا سکے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شیخ محمد طاہر، سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا، ڈی ایچ او ڈاکٹر حسن خان، ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر غلام ربانی،فوکل پرسن کورونا کنٹرول روم ڈاکٹر عمران سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران اجلاس میں شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں کورونا وائرس سے متاثرہ کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ۔ضلع میں17مشتبہ مریض زیر علاج ہیں جس میں سے 5مریضوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں جبکہ دیگر5کی رپورٹ کا انتظار ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مکمل متحرک اور تمام اداروں کے ساتھ رابطہ میں ہے ۔انہوں نے مشکل حالات میں فرائض کی ادائیگی کرنے والے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف، انتظامی افسران، فوج ، پولیس و دیگر اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وقت تمام حکومتی ادارے ایک پیج پر ہیں اور سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ عوام کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھنا۔
ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر تمام صوبائی حکومتیں کورونا وائرس کو شکست دینے کے لئے قومی جذبے سے میدان عمل میں ہیں اور آج ہمیں یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے ذمہ داران کو اس وقت عوام کو گھرں تک محدود رہنے کی آگہی فراہم کرنا ہو گی ۔سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع کے تمام ہسپتالوں میں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ٹی ایچ کیوز میں کورونا قرنطینہ سنٹرز اور آئسولیشن وارڈز فنکشنل ہیں۔ضلعی فوکل پرسن ڈاکٹر عمران نے بتایا کہ 5مشتبہ مریضوں کی رپورٹ منفی آئی ہے جبکہ 5کی رپورٹس کا انتظار ہے اور دیگر 7مریضوں کے ٹیسٹ روانہ کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز کورونا کنٹرول روم سمیت حکومتی اداروں کی جانب سے نشاندہی کردی161بیرون ممالک سے آنے والے افراد کی سکریننگ کا عمل مکمل کیا گیا ۔
Load/Hide Comments