فلیگ مارچ کا مقصد پاک آرمی، انتظامیہ، پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی تیاریوں کو ظاہر کرنا ہے۔

مورخہ24مارچ 2020
رحیم یار خان( )کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے اور عوامی تحفظ کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں لاک ڈاﺅن اور دفعہ144کا نفاذ ، عوام کو حکومتی ہدایات پر عملدرآمد اور گھروں تک محدود رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام فلیگ مارچ کیا گیا جس میں پاک فوج، رینجرز، پولیس، ریسکیو1122 سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے شامل تھے۔کمانڈر60برگیڈ برگیڈئیرعاطف مجتبی نے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد، ڈی پی او منتظر مہدی کے ہمراہ فلیگ مارچ کی قیادت کی۔فلیگ مارچ کا آغاز ڈپٹی کمشنر آفس سے ہوا جو شہر کے مختلف راستوں شاہی روڈ، بیجیئم چوک، لکڑ منڈی چوک،ائیر پورٹ روڈ، سرکلر روڈ، فوجی چھاﺅنی چوک، دڑی سانگی، ابوظہبی روڈ، ہسپتال روڈ، ڈی ایچ کیو چوک سے ہوتا ہوا ڈپٹی کمشنر آفس اختتام پذیر ہوا۔فلیگ مارچ میں پاکستان آرمی، ضلعی انتظامیہ، رینجرز ، پولیس، ریسکیو1122سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی گاڑیاں شامل تھی جبکہ ٹریفک پولیس کے موٹر سائیکل سواروں نے فیلگ مارچ کی رہنمائی کی۔

کمانڈر60برگیڈ برگیڈئیر عاطف مجتبی، ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور ڈی پی او منتظر مہدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت اور ادارے مشکل کی اس گھڑی میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے موثر انداز میں ذمہ داریاں نبھائے گی۔اس فلیگ مارچ کا مقصد پاک آرمی، انتظامیہ، پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی تیاریوں کو ظاہر کرنا ہے۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ تمام سول وملٹری انتظامیہ کورونا وائرس جیسی وباءسے اپنے عوام کو محفوظ رکھنے کے لئے فرنٹ لائن پر موجود ہیں اور عوام سے صرف ایک ہی تعاون مانگتے ہیں کہ وہ خود کو اپنے گھروں تک محدود کرکے کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں ہمارا ساتھ دیں اور انشاءاللہ عوامی تعاون سے ہم یہ جنگ بھی جیتیں گے۔

*ضلعی انتظامیہ ،پولیس رینجرز اور پاک فوج کے زیر اہتمام ضلع بھر میں فلیگ مارچ*

اپنا تبصرہ بھیجیں