وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر میں بروقت لاک ڈاؤن کا دانشمندانہ فیصلہ کیا,صوبائی وزیر آبپاشی

مورخہ27مارچ 2020
رحیم یار خان( )صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب محمد محسن لغاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں بروقت لاک ڈاؤن کا دانشمندانہ فیصلہ کیا اور ہنگامی بنیادوں پر تمام تر سہولیات سے آراستہ قرنطینہ سنٹرز بنائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کے ہمراہ ضلعی رابطہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، ایس پی انوسٹی گیشن فراز احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)شیخ محمد طاہر، پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد طارق، سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سخاوت علی رندھاوا،ایم ایس شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر غلام ربانی سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلع میں کورونا سے متعلق انسدادی، حفاظتی و انتظامی امور کی نگرانی کر رہا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور ان کی ٹیم نے بروقت اور بہتر فیصلے کئے۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ ضلع میں بیرون ممالک کا حالیہ دنوں میں سفر کرنے اور ایران سے آنے والے زائرین کی ٹریسنگ، ٹریکنگ اور سکیننگ کا عمل تیزی سے جاری ہے جس کے لئے تھانہ سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں کورونا وائرس کے 30مشتبہ مریض زیر علاج ہیں جبکہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے لئے انتظامیہ، پاک فوج اور پولیس ذمہ دارانہ انداز سے کام کر رہی ہے۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے انسداد کورونا کے حوالہ سے محکمانہ امور بارے بریفنگ دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں