Dated:28-03-2020
صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب محمد محسن لغاری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤکے لئے پورا ملک لاک ڈاؤن ہو چکا ہے، عوام حکومت کی جانب سے حفاظتی اقدامات کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے گھروں میں رہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی رابطہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد، ایم این اے چوہدری جاوید اقبال وڑائچ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عشر وزکواۃ چوہدری محمد شفیق، ایم پی اے چوہدری آصف مجید، ایم پی اے میاں محمد شفیع سمیت متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری قوم کا جذبہ کسی سے کم نہیں ہم نے من حیث القوم اس وائرس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا اور اسے شکست دینی ہے اور یہ تب ہی ممکن ہے جب لوگ اپنے سماجی رابطوں کو منقطع کرتے ہوئے گھروں تک محدود رہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندگان اور تمام انتظامی مشینری عوام کے تحفظ اور بہترین طبی سہولیات فراہمی کے لئے متحرک ہے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ ضلع میں ایرانی زائرین سمیت بیرون ممالک سے آئے 1896افراد کی سکریننگ کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے اور 60مشتبہ مریضوں کے سیمپلز بھجوائے گئے ہیں جس میں سے51کے منفی اور 1مثبت آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث معاشی مشکلات کے حامل غریب گھرانوں میں مخیر حضرات کے تعاون سے راشن ان کی دہلیز پر پہنچایا جا رہا ہے۔
ارکان پارلیمنٹ چوہدری جاوید اقبال وڑائچ، چوہدری محمد شفیق، چوہدری آصف مجید نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت اور ادارے اپنی عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام گھروں میں رہ کو حکومتی کوششوں کو کامیاب بنائیں تاکہ جلد از جلد اس موذی مرض کا پاکستان سے خاتمہ ممکن ہو سکے۔اجلاس میں کورونا وائرس کے مشتبہ اور کنفرم مریضوں کو علاج کی سہولتیں فراہم کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف سمیت دیگر تعاون کرنے والے افراد کے جذبے کو سراہا گیا۔
Load/Hide Comments