کورونا کیسز کی بڑی وجہ زائرین ہیں جو ایران سے پنجاب آئے ہیں۔ترجمان حکومت پنجاب

بہاول پور:30/مارچ( )ترجمان حکومت پنجاب سمیرا ملک نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں شہری گھروں کے اندرمقیم رہیں تاکہ لاک ڈاؤن سے چھٹکارا پا سکیں ورنہ لاک ڈاؤن کا دورانیہ بڑھایا جا سکتا ہے جیسے برطانیہ میں حکومت نے 6 ماہ کے لاک ڈاؤن کا عندیہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں کورونا کے کیسز میں اضافے کی بڑی وجہ وہ زائرین ہیں جو ایران سے پنجاب آئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان زائرین کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے کم عقلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سندھ باڈر کو لاک ڈاؤن نہیں کیا اورنہ ہی آمد و رفت کو کنٹرول کرنے کے لئے کوئی چیک پوسٹ بنائی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد کارگوٹرک اوربسوں میں سوار کرکورونا وائرس لے کر صوبہ پنجاب اورصوبہ خیبر پختونخواآ رہے ہیں جس سے کورونا کے پھیلنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب عوام الناس کو حقائق سے مسلسل آگاہی فراہم کر رہی ہے اور کوئی بات پوشیدہ نہیں رکھی جا رہی۔ بدقسمتی سے سندھ حکومت نے میڈیا پر سب اچھے کا شوشا چھوڑ ا ہواہے اور اپنی کوتاہیوں پر پردہ ڈال رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے گراؤنڈ لیول پر کنٹرول سنبھالا ہوا ہے اورجو گاڑیاں صوبہ سندھ سے چور دروازے کے ذریعہ صوبہ پنجاب میں داخل ہورہی ہیں ان کے خلاف مقدمات کا اندراج سمیت بھاری جرمانے بھی عائد کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس،پاک فوج،ریسکیو1122 اور انتظامیہ اپنے فرائض احسن طریقہ سے ادا کر رہے ہیں انہوں نے عوام الناس سے حکومت کا ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں