آرٹسٹ سپورٹ فنڈ سے بہاول پور کے آرٹسٹوں کی مالی اعانت قابل تحسین اقدام ہے۔صوبائی وزیر خوراک

بہاول پور:02/اپریل( )
صوبائی وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ چوہدری نے کہا ہے کہ آرٹسٹ سپورٹ فنڈ سے بہاول پور کے آرٹسٹوں کی مالی اعانت قابل تحسین اقدام ہے۔ یہ حکومت پنجاب کی جانب سے کورونا کی وبا سے پیدا شدہ مشکلات کے دنوں میں ایک حقیر نذرانہ ہے جو کہ حکومت کی معاشرے کے مستحق افرا د کو ما لی امداد دینے کے وعدہ کی عملی تکمیل ہے

یہ بات انہوں نے آج یہاں رشیدیہ آڈیٹوریم میں آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے چیک تقسیم کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کڑے وقت  اور مشکل کی گھڑی میں جب ایک وبائی مرض نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہو ا ہے اور انسانیت کو ا پنی بقاء کا چیلنج درپیش ہے محکمہ اطلاعات و ثقافت اور پنجاب کونسل آف دی آرٹس نے آرٹسٹوں کو بر وقت مالی امداد  فراہم کر کے قابل تعریف پیش رفت کی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سماجی فاصلوں کی اس صورت حال میں معاشرے کے ضرورت مند طبقات کی معاشی مشکلات کے حل کے لئے ٹھوس اور مضبوط حکمت عملی وضع کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پر لازم ہے کہ باہمی اتحاو و یگانگت اور بھائی چارہ کو فروغ دے کر ایک مضبوط اور توانا قوم بن کر اس چیلنج سے نبرد آزما ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیلنج اس امر کا متقاضی ہے کہ کورونا کو شکست دینے کے لئے ہم علاقائی، مسلکی اور لسانی تعصبات سے بالا تر ہو کر اس مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے زریں ا صولوں کو اپنائیں۔

صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ آرٹسٹ کمیونٹی اس کڑے وقت میں سماجی بیداری کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور سماجی فاصلوں کو فروغ دینے کے لئے اپنا کردار قومی جذبے سے سرشار ہو کر انجام دیں۔قبل ازیں ڈائریکٹر آرٹس کونسل رانا اعجاز محمود نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی حکومت نے ہمیشہ آرٹسٹوں کی فلاح و بہوو کو خصوصی اہمیت د ی ہے اور آرٹسٹ سپورٹ فنڈ آرٹسٹوں کی خدمات کے اعتراف کے طور پر مشکل کی اس گھڑی میں انتہائی قابل تحسین اقدام ہے کیونکہ آرٹسٹوں نے ہمیشہ اس خطہ کے عظیم تہذیبی ورثہ کے تحفظ اور فروغ کے لئے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ہے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹوں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں