رواں سیزن کے گندم خریداری مہم کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،صوبائی وزیر خوراک

بہاول پور:03/اپریل( )
صوبائی وزیر خوراک پنجاب سمیع اللہ چوہدری نے کہا ہے کہ رواں سیزن کے گندم خریداری مہم کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور ذخیرہ اندوزی و گراں فروشی کے مرتکب افراد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خوراک نے آج یہاں صوبائی وزیر انڈسٹریز میاں محمد اسلم اقبال کی زیر صدارت گندم خریداری کے حوالہ سے منعقدہ ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ویڈیو لنک اجلاس میں ضلع رحیم یار خاں سے صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری، ضلع بہاول نگر سے ایم پی اے شوکت علی لالیکا، کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری، ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر شعیب جدون، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں علی شہزاد اور محکمہ خوراک کے افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے ڈویژن بھر میں گندم خریداری کے حوالہ سے بروئے کار لائے گئے انتظامات بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ رواں سیزن میں کاشتکار سے 1400روپے فی من کے ریٹ پر گندم خرید کی جائے گی اورکاشتکارکو اس کی محنت کا ثمر براہ راست ملے گاکیونکہ گندم خریداری کے عمل میں مڈل مین کا کرداریکسر ختم کر دیاگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیزن میں صوبہ بھر میں 80لاکھ میٹرک ٹن گندم خرید کی جائے گی۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ صوبہ بھر میں آٹا کی کنٹرول ریٹ پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔نیزگندم خریداری مراکز پر کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے تمام احتیاطی اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں