گندم خریداری مہم میں حکومت نے گردآوری کی شرط ختم کر دی ہے,صوبائی وزیر آبپاشی

مورخہ05 اپریل 2020
رحیم یار خان( )صوبائی وزیر آبپاشی محمد محسن لغاری نے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کے ہمراہ گندم خریداری مراکز کا دورہ کے دوران انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ گندم خریداری مہم میں حکومت نے گردآوری کی شرط ختم کر دی ہے تاہم اس مہم کا شفاف بنانے کے لئے حکومت نے جو طریقہ کار طے کیا ہے اس پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ کورونا وائرس سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لئے سینٹرز انچارج حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور سینٹرز پر آنے والے کاشتکاروں کے درمیان مناسب فاصلہ کو یقینی بناتے ہوئے درخواستیں جمع کریں۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ حکومت کی جانب سے امسال محکمہ خوراک ضلع رحیم یار خان میں 1لاکھ47ہزار56میٹرک ٹن گندم کسانوں سے براہ راست خرید کرے گا اور اس سلسلہ میں ضلع کی تین تحصیلوں میں 20گندم خریداری مراکز قائم ہیں جبکہ تحصیل خانپور میں پاسکو کسانوں سے گندم خریدے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور سنٹرز انچارج کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خریداری مراکز میں کسانوں کے بیٹھنے کا مناسب انتظام حکومتی ہدایات کے تحت کریں اور کسان سنٹرز پر داخل ہونے سے قبل اپنے ہاتھ اچھے انداز میں دھوئیں۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کی شکایات کے ازالہ کے لئے ضلع و تحصیل سطح پر شکایات سیل فعال کر دیئے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں