کوروناوائرس، گندم خریداری مہم اور احساس کفالت پروگرام کے حوالہ سے ڈویژن بھر کے پارلیمنٹرینز کے لئے بریفنگ اجلاس,,,,

بہاول پور:11/اپریل( )کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری کی زیر صدارت کوروناوائرس سے تحفظ کے حوالہ سے بروئے کار لائے گئے اقدامات، گندم خریداری مہم اور احساس کفالت پروگرام کے حوالہ سے ڈویژن بھر کے پارلیمنٹرینز کے لئے بریفنگ اجلاس منعقد ہوا۔

ویڈیو لنک اجلاس میں صوبائی وزیر لائیو اسٹاک حسنین بہادر دریشک، ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور فیاض احمد دیو، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی جاوید وڑائچ،،سمیع الحسن گیلانی، ڈاکٹر محمد افضل، چوہدری احسان الحق،صاحبزادہ گزین عباسی، سید مبین احمد، چوہدری شفیق، میاں شفیع اور آصف مجید شریک ہوئے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور شوذب سعید، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں علی شہزاد، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر شعیب جدون، ڈی پی او بہاول پور صہیب اشرف، ڈی پی او رحیم یار خاں منتظر مہدی، ڈی پی او بہاول نگر عبد القدوس سمیت محکمہ خوراک، محکمہ صحت اور دیگر انتظامی محکمہ جات کے افسران بھی موجود تھے۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ بہاول پور ڈویژن میں 24لاکھ 17ہزار ایکڑرقبے پر گندم کاشت کی گئی ہے اور 10فیصد سے زائد گندم کی کٹائی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بہاول پور ڈویژن میں گندم خریداری کا ہدف ساڑھے آٹھ لاکھ میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے جبکہ گندم خریداری مہم 70مراکز پر جاری ہے اور اسے 30دن میں مکمل کرلیا جائے گا۔

کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے احساس کفالت پروگرام کے حوالہ سے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن بھر میں 2لاکھ 48ہزار 752گھرانوں میں 12ہزار روپے فی کس کے حساب سے امدادی رقم کی تقسیم جاری ہے اور عوام کی سہولت کے پیش نظر احساس کفالت پروگرام کے سنٹرز میں آج مزید اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت ضلع بہاول پور میں 36سنٹرز، ضلع بہاول نگر میں 17جبکہ ضلع رحیم یار خاں میں 17سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔کمشنر بہاول پور نے اجلاس کو بتایا کہ کوروناوائرس سے تحفظ کے لئے ڈویژن بھر میں بیرون ممالک سے آنے والے 5376افراد کی سکریننگ کی جا چکی ہے جبکہ ڈویژن بھر میں تبلیغی جماعت کے 2336افراد کی سکریننگ بھی کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بہاول پور ڈویژن کے مختلف ہسپتالوں میں 300بیڈز کے آئسولیشن وارڈز مختص کئے گئے ہیں جبکہ سول ہسپتال میں بائیو سیفٹی لیول 3لیب 20اپریل تک قائم کر دی جائے گی۔کمشنر بہاول پور نے بتایا کہ ضلع بہاول پور میں محکمہ صحت کو 750کورونا تشخیصی کٹس، ضلع رحیم یار خاں میں 750کٹس اورضلع بہاول نگر میں 500کٹس فراہم کی گئی ہیں جبکہ ڈویژن بھر میں قرنطینہ کے لئے 4ہزار افراد کی گنجائش کا بندوبست بھی موجود ہے۔

اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز نے بھی پارلیمنٹرینز کو انتظامات اور بروئے کار لائے گئے اقدامات بارے تفصیلاًبریفنگ دی۔پارلیمنٹرینز نے اس بات پر زور دیا کہ عوام میں آگاہی و شعور بیدار کیا جائے کہ مخیر حضرات بھی اس کار خیر میں بھرپور حصہ ڈالیں، پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی مستحق اور حقدارانسان حکومتی امداد سے محروم نہ رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں