علماءکرام نے ہمیشہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا اور اس روایت کو برقرار رکھا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر

مورخہ22 ا پریل مارچ 2020
رحیم یار خان( )ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں کورونا وبا کی روک تھام کےلئے مساجد میں نماز پنجگانہ سمیت نماز تراویح کے دوران حکومت اور علماءکرام کے اعلیٰ وفد کے مابین ہونے والے فیصلوں اور نماز کی ادائیگی کے لئے طے شدہ قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے ڈی پی او منتظر مہدی کے ہمراہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، اسسٹنٹ کمشنرز چوہدری اعتزاز انجم، عامر افتخار، فاروق احمد، ارشد وٹو ، ریاست علی ، ممبران امن کمیٹی علامہ عبدالروف ربانی، خواجہ محمد ادریس، ریاض احمد نوری، بابر زمان، مولانا فضل محمود حیدری، آصف نقوی، قاضی خلیل الرحمن سمیت دیگر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کورونا وائرس سے تحفظ کا واحد ذریعہ سماجی رابطو ں میں کمی کرنا ہے اور اس وقت حکومت ، انتظامیہ عوام کو اس موذی وبا سے محفوظ رکھنے کے لئے سرگرم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ علماءکرام نے ہمیشہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا اور اس روایت کو برقرار رکھا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں کی امن کمیٹی ممبران سے فوری میٹنگ کرتے ہوئے رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے حکومتی ہدایات اور ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی کرائیں ۔ڈی پی او منتظر مہدی نے کہا کہ صدر مملکت کے ساتھ تمام مکاتب فکر کے علماءکرام کی باہمی مشاورت سے رمضان المبارک کے دوران نماز تراویح سمیت دیگر نمازوں کی ادائیگی کے لئے قواعد و ضوابط مقر ر کئے گئے ہیں ہم سب نے مل کر ان فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علماءکرام نے ہمیشہ انتظامیہ اور اداروں کے ساتھ تعاون کیامشکل کی اس گھڑی میں بھی ہم نے اپنے شہریوں کو اس مرض سے محفوظ رکھنے کے لئے مشترکہ اقدامات اٹھانا ہیں جس کے لئے ضروری ہے کہ علماءکرام اپنے حلقہ احباب میں حکومتی پیغام کو عام کریں۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں کے ایس ڈی پی اوز کے ہمراہ تحصیل سطح پر جبکہ ایس ایچ اوز تھانہ کی سطح پر ممبران امن کمیٹی اور مساجد کے منتظمین سے میٹنگ کرکے حفاظتی ایس او پیز سے آگاہ اور عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس مذہب اور مسلک کی تفریق کئے بغیر کسی پر بھی حملہ آور ہو سکتا ہے ۔علماءکرام کی گرفت عوام میں بہتر اور شہری علماءکا احترام کرتے ہیں ان حالات میں حکومتی فیصلوں کی نچلی سطح تک مناسب تشریح ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسجد کمیٹیوں کو فعال کیا جائے اور دوران نماز نمازیوں کو دوسرے سے چھ فٹ فاصلہ یقینی بنایا جائے۔نمازی وضو گھر سے کر کے اور ماسک پہن کر مسجد میں آئیں ، بزرگ اور نابالغ بچے گھروں میں نماز کی ادائیگی کریں، ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور مجمع کرنے سے گریز کیا جائے، سڑک اور فٹ پاتھ پر نماز کی ممانعت ہو گی، مساجد ، امام بارگاہوں میں اجتماعی سحری و افطار، اعتکاف ودیگر تقریبات کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ تمام مساجد سے کارپٹ، دریاں ہٹا کر فرش پر نماز کی ادائیگی کی جائے اور روزانہ مساجد کے فرش کو جراثیم کش پانی سے دھویا جائے۔اجلاس میں ممبران امن کمیٹی نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں