بلا تفریق کورونا سے متاثرہ خاندانوں کو معاشی سہارا فراہم کیا۔ مخدوم ہاشم جواں بخت

مورخہ04مئی 2020
رحیم یار خان( )صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ ایمرجنسی حالات میں موجودہ حکومت نے تمام تر سیاسی مفادات اور وابستگیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے احساس کفالت پروگرام کے تحت کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن اور دفع 144سے متاثر ہونے والے خاندانوں کی مالی مدد کو پہنچی اور بلا تفریق متاثرہ خاندانوں کو معاشی سہارا فراہم کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بذریعہ ویڈیو لنک ضلع میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال، گندم خریداری مہم، احساس کفالت پروگرام، ناجائز منافع و ذخیرہ اندوزی سمیت دیگر امور پر ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ویڈیو لنک اجلاس میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے مجموعی صورتحال بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کہ کورونا نے دنیا کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور ہم معیشت کو پہنچنے والے منفی اثرات کے متحمل نہیں ہو سکتے یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے مشکل حالات میں مشکل فیصلے لئے تاکہ عوام کو غربت، بے روزگاری اور فاقہ کشی سے محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت ہے کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا شدہ بحرانی کیفیت میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے جس کے لئے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کو جڑ سے اکھاڑنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک براہ راست پہنچنے چاہیے اور اشیاء روز مرہ کی قیمتوں کا از سر نوجائزہ لیا جائے تاکہ ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی کے اثرات عوام تک پہنچیں۔انہوں نے ضلع میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، ریسکیو1122، پولیس سمیت دیگر اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ہمارا50لاکھ آبادی کا ضلع ہے بہترین ٹیم ورک کی بدولت ضلعی انتظامیہ نے اس وبا کو ضلع میں نہیں پھیلنے دیا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل و دیگر طبی عملہ ہما را ہیرو ہے ان کی حفاظت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گااور ڈاکٹرز و طبی عملہ کے (پی پی ای)پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹ کی کمی نہیں ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر ٹائیگر فورس بھی رضاکارانہ خدمات سر انجام دینے کے لئے جلد فیلڈ میں انتظامیہ کا حصہ ہو گی اورٹائیگر فورس کے ارکان کورونا کے علاوہ احساس کفالت پروگرام سمیت دیگر عوامی فلاح وبہبود کے کاموں میں انتظامیہ کو دستیاب ہوں گے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ گندم خریداری مہم کے 100فیصد اہداف حاصل کئے جائیں اور انتظامیہ فلور ملز و سیڈ کمپنیوں کی خریداری پر بھی نظر رکھے۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے حوالہ سے حکومت نے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے لہذا انتظامیہ و دیگر ادارے بلا خوف و خطر ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف کارروئیاں کریں۔صوبائی وزیر پنجاب نے ضلع میں ٹڈی دل(لوکسٹ) کی سرویلنس اور انسدادی کارروائیوں سمیت ترقیاتی امور کا بھی جائزہ لیا۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں کورونا کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے 1500سے زائد کورونا کے ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے120کنفرم،4اموات اور84کورونا کے متاثرہ مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں باہر سے آنے والے افراد کا مکمل ڈیٹا اور مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ ڈاکٹرز، پیرا میڈکس سمیت ہسپتال، قرنطینہ مراکز میں خدمات سر انجام دینے والے عملہ کو حفاظتی کٹس فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہترین ٹیم ورک اور بروقت فیصلوں کی بدولت کورونا وائرس کو ضلع میں پھیلنے نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت ضلع میں 2ارب60کروڑ سے زائد کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے جبکہ گندم خریداری کا ہدف بھی79فیصد حاصل کیا جا چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فلور ملز اور سیڈ کمپنیوں کے حوالہ سے حکومتی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کرایا جا رہا ہے جبکہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قا نو ن نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ مل کر کارروائیاں کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں جنوری سے تاحال ٹڈی دل کی کوئی افزائش نہیں ہو ئی گذشتہ پانچ روز قبل انڈیا بارڈر پر رینجرز نے ٹڈی دل کی نشاندہی کی جوپاکستان میں داخل نہیں ہوئی اب ہمیں ٹڈی دل کے حوالہ سے مختلف مقامات پر سرویلنس اور اپریشن کا عمل درکار ہے جس کے لئے حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے اور فیلڈ ٹیموں کو بلوچستان، سندھ، پاک انڈیا بارڈر اور ملحقہ اضلاع راجن پور، روجھان کی جانب بھی مانیٹرنگ کا عمل بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں