پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کو اپنا نقصان پورا کرنے کے لئے از خود فیصلوں کا اختیار نہیں دے سکتے، ڈپٹی کمشنر

مورخہ04مئی 2020
رحیم یار خان( )ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بزنس کمیونٹی کو سہولیات کی فراہمی کے لئے گرانقدر اقدامات کو برائے کار لا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں۔ان ِخیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی پیٹرول پمپس ایسوسی ایشن کے عہدیدران سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، صدر پیٹرولم ایسوسی ایشن ظفر مزاری، چوہدری نثار گجر، چوہدری شکیل، ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس محمد اشرف سمیت دیگر موجو دتھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں عوام کی جانب سے پیٹرول کی حالیہ کم ہونے والی قیمتوں پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے کی شکایات موصول ہو رہی ہے جس کے باعث انتظامیہ نے ان محرکات کا جائزہ لیا جس کے تحت حکومتی ہدایات اور اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں کا اس ضلع میں اطلاق کیوں نہیں ہو رہا اور تمام حالات و حقائق کا جائزہ لیتے ہوئے آپ لوگوں کو بھی بلایا گیا ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ ضلع میں پیٹرول کی قیمتوں کے حوالہ سے دیگر اضلاع کی نسبتاً زیادہ فرق کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم ایسوسی ایشن کی جانب سے جن مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے وہ اوگرا سے متعلق ہیں تاہم آپ اسے تحریری طور پر ضلعی انتظامیہ کو فراہم کرے ہم آپ لوگوں کے مسائل حل کرانے کی کوشش کریں گے مگر ضلعی انتظامیہ کسی صورت پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کو اپنا نقصان پورا کرنے کے لئے از خود فیصلوں کا اختیار نہیں دے سکتی، لہذا ضلع بھر کے پیٹرول پمپس اوگرا کے مقررکردہ نرخوں پر ہی پیٹرول و ڈیزل فروخت کریں گے بصورت دیگر خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی واضح ہدایات ہیں کہ ذخیرہ اندوزی او رگرانفروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کومقرر کردہ نرخوں سے زائد پر فروخت کرنا گرانفروشی میں آتا ہے جس پر زیروٹالرنس پالیسی ہے لہذا کسی بھی پریشانی سے محفوظ رہنے کے لئے پیٹرول پمپ مالکان حکومتی نرخوں کے مطابق اپنے یونٹس کے میٹرز کو سیٹ کریں۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت کی کہ پیٹرول کی قیمتوں کے حوالہ سے حکومتی فیصلے پر فوری عملدرآمد کرایا جائے اور عمل نہ کرنے والے پیٹرول پمپ مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔قبل ازیں ضلعی صدر پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن نے ظفر مزاری نے بتایا کہ اوگرا کی جانب سے فراہم کئے جانے والا کرایہ نہایت کم ہے اور کرایہ کی لاگت پوری کرنے کے لئے پیٹرول کے موجودہ نرخ مقرر کئے گئے ہیں جبکہ اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے مختلف فورم پر بات چیت کا عمل جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں