تاجروں کے مختلف وفود کی ڈپٹی کمشنر علی شہزاد سے ملاقات۔صدر چیمبر آف کامرس چوہدری محمد شفیق علیم اور صدر انجمن تاجران چوہدری عبدالروف مختار کی سربراہی میں مختلف وفود نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کرتے ہوئے رمضان المبارک میں اشیاء روز مرہ کی دستیابی بارے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ حکومت کی پہلی ترجیح تاجر تنظیموں کو سہولیات کی فراہمی ہے تاکہ عوام کو روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث کاروباری تنظیموں اور عوام کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے تاہم ان مشکل حالات میں بھی بعض عناصر گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہیں اور ایسے عناصرکا ہم نے مل کر محاسبہ کرنا ہے اور مثبت کاروباری حضرات و عوام کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے آسانیاں پیدا کرنا ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے سیڈ ایسوسی ایشن، فلور ملز ایسوسی ایشن اور کریانہ ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں گندم کی93فیصد خریداری مکمل کر لی گئی ہے اور بقیہ ہدف بھی جلد حاصل کر لیا جائے گا جبکہ سیڈ کمپنیوں سمیت فلور ملز کو دیگر اضلاع سے گندم لانے میں جن مشکلات کی نشاندہی کی گئی ہے انہیں حل کرنے میں بھی انتظامیہ اپنا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تاجر تنظیمیں گندم سمیت دیگر اجناس و اشیاء ضروریہ کی ذخیر اندوزی کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ کے ساتھ مل کر اپنی قومی فریضہ سر انجام دیں اور ضلع ہذا کے تمام بڑے ہول سیل ڈیلرز اپنے پاس موجود اشیاء روز مرہ کا سٹاک متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو طے شدہ قواعد وضوابط کے مطابق فراہم کریں تاکہ انہیں کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ تاجر تنظیمیں لاک ڈاؤن میں حکومت کی جانب سے نرمی پر حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ عوام اس وبائی مرض سے محفوظ رہتے ہوئے روزمرہ اشیاء کی خریداری کر سکیں۔۔
صدر چیمبر آف کامرس چوہدری محمد شفیق علیم اور صدر انجمن تاجران چوہدری عبدالروف مختار نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ضلع میں کسی بھی اشیاء روز مرہ کی قلت نہیں ہونے دی جائے گی۔انہوں نے سیڈ کارپوریشن اور فلور ملز مالکان کے مسائل سمیت دیگر کاروباری تنظیموں کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
دریں اثناء ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ریجنل منیجر یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن عدنان صدیقی نے ملاقات کی اور انہیں ضلع میں یوٹیلٹی سٹورز پر دستیاب سبسڈی آئٹم سمیت دیگر اشیاء روز مرہ کی دستیابی بارے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ یوٹیلٹی سٹور ز پر اشیاء روزمرہ وافر مقدار میں دستیاب ہونی چاہیے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز بھی تسلسل کے ساتھ یوٹیلٹی سٹورز کے وزٹ کریں گے۔
Load/Hide Comments