مورخہ12مئی 2020
رحیم یار خان( )ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ڈی پی او منتظر مہدی کے ہمراہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس نے اقوام عالم سمیت پاکستان میں بھی اپنے وار جاری رکھے ہوئے ہیں اور حکومت عوام کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے ساتھ انہیں بھوک و افلاس سے بھی تحفظ فراہم کرنا چاہتی ہے جس کے لئے مشکل حالات میں اہم فیصلے لئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ضلع کے علماء کرام نے ہمیشہ ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیااور موجودہ حالات بھی اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم بھر پور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو کورونا وائرس جیسی وباء سے محفوظ رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے یوم شہادت حضرت علیؓ کی تقریبات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر جلوس و مجالس کے انعقاد کا اہتمام نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہ مشکل فیصلہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کیا ہے کیونکہ دنیا بھر میں ان حالات میں غیر معمولی فیصلے لئے جا رہے ہیں۔طواف کعبہ سمیت تمام اہم مذہبیمقامات پر عبادات عوام کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھنے کے لئے معطل کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات اور زمینی حقائق کو دیکھتے ہوئے اہل تشیع برادری امسال شہادت یوم علیؓ کے جلوس و مجالس کا اہتمام نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ اس سفید پوش طبقہ کوزندگی کی جانب دوبارہ لانا تھا جو کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلا سکتااور لاک ڈاؤن سے شدید متاثر تھا۔حکومت نے مشکل حالات میں انسانی ہمدردی کے تحت ایک بڑا فیصلہ کیا اب یہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ سماجی فاصلوں کو برقرار رکھتے ہوئے تمام تر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔
ڈی پی ا ومنتظر مہدی نے کہا کہ دنیا بھر میں اجتماعات پر پابندی ہے اور پاکستا ن جیسا ملک اس مرض کے پھیلاؤ کو برداشت نہیں کر سکتایہ بیماری کسی مذہب یا فرقہ کی تمیز کئے بغیر انسانوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور اس کو روکنے کا واحد ذریعہ سماجی رابطوں میں کمی لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے نہایت سوچ و بچار کے بعد عوام کے وسیع تر مفاد اور قیمتی انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے یہ فیصلہ کیا ہے جس پر آ پ کو ہمدردانہ غور کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں یوم شہادت حضرت علیؓ کے جو جلوس و مجالس منعقدکی جاتی ہیں ضلعی پولیس کی جانب سے انہیں سرٹیفکیٹس فراہم کیا جائے گا تاکہ آئندہ سال انہیں اجازت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اجلاس میں سید علمدار، ریاض احمد نوری، علامہ عبدالروف ربانی، قاضی خلیل الرحمن، عمر امین اویسی، آصف نقوی، مرتضیٰ بابر و دیگر نے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی نے ہمیشہ قیام امن سمیت اجتماعی عوامی مفادات کو ترجیح دی ہے اور موجودہ صورتحال غیر تسلی بخش ہے ضلعی امن کمیٹی کے ممبران مشکل حالات میں انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت موجودہ حالات میں سنجیدگی سے تمام حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کر رہی ہے جس کی مکمل تائید کرتے ہیں۔
Load/Hide Comments