حکومت پنجاب کی جانب سے میونسپل سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے فنڈز کا اجراء کر دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر

مورخہ14مئی 2020
رحیم یار خان( )ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے تحت ضلع میں 41کروڑ58لاکھ کی لاگت سے جاری اور نئی146ترقیاتی سکیموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام میونسپل و ٹاؤن کمیٹیز کے چیف افسران کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی جانب سے میونسپل سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے فنڈز کا اجراء کر دیا گیا ہے لہذا تمام چیف افسران اپنی میونسپل و ٹاؤن کمیٹیز میں ترقیاتی سکیموں کی جلد تکمیل یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایت کی کہ ترقیاتی فنڈز شفاف، عوامی ترجیح اور مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے استعمال کرنا متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے جبکہ کسی بھی صورت فلاح عامہ کے لئے مختص فنڈز کا ضیاع اور کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ز کو ترقیاتی سکیموں کی مانیٹرنگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے میونسپل و ٹاؤن کمیٹیز لیاقت پور، کوٹسمابہ، صادق آبادترنڈہ سوائے خان، ظاہر پیر کے چیف افسران کو ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کو مزید بہتر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا نے میونسپل /ٹاؤ ن کمیٹیزسطح پر دستیاب فنڈز اور ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت بارے آگاہ کیا۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر خانپور فاروق احمد، اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد عامر افتخار اور اسسٹنٹ کمشنر لیاقت پور ارشد وٹو نے بذریعہ ویڈیو لنک جبکہ ایکسین ہائی ویز سید حسنین زیدی سمیت تمام میونسپل/ٹاؤن کمیٹیز کے چیف و متعلقہ افسران نے کمیٹی روم میں شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں