پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی،

مورخہ17مئی 2020
رحیم یار خان( )سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی کی زیر صدارت پبلک ٹرانسپورٹ مالکان کا اجلاس۔پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث تمام چھوٹی بڑی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا فیصلہ،

ائیر کنڈیشن بس/کوچز کے کرایوں میں 20فیصد جبکہ نان ائیر کنڈیشن پبلک ٹرانسپورٹ 78پیسے فی کلومیٹر کے حساب سے مسافروں سے کرایہ وصول کریں گی۔تمام ٹرانسپورٹرز کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی قواعد و ضوابط(ایس او پیز)پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔حکومت پنجاب کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کو کورونا لاک ڈاؤن کے بعد مشروط طور پر اپنی سروسز کا آغاز کرنے کی اجازت دی گئی ہے جس کے تحت ڈپٹی کمشنر/چیئرمین ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی علی شہزاد کی ہدایت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی نے ضلع بھر کے پبلک ٹرانسپورٹ مالکان (ڈائیو، فیصل موورز، منٹھار، چیمہ برادرز، وڑائچ برادرز ودیگر) کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہیں حکومتی ہدایات بارے تفصیلی آگا ہ کیا۔

اجلاس میں باہمی مشاورت سے ائیر کنڈیشن بس/کوچز کے کرایہ میں 20فیصد کمی جبکہ نان ائیر کنڈیشن گاڑیوں کا کرایہ78پیسے فی کلو میٹر مقرر کیا گیا۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے تمام پبلک ٹرانسپورٹ مالکان کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور مسافروں کی حفاظت کے لئے حکومتی گائیڈ لائن سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تمام پبلک ٹرانسپورٹرز مسافروں کو بسوں /کوچز میں سوار یا اتارتے وقت 3فٹ کا فاصلہ یقینی بنائیں گے، مسافروں کے داخلی و خارجی راستے علیحدہ ہوں گے، ہر مسافر کوچ کی اپنا سفر مکمل کرنے کے بعد مکمل طور پر کلورین سپرے سے صفائی ہو گی، گاڑی میں ہینڈ سینیٹائزرڈ موجود ہونا چاہیے، اگر کسی مسافر کو نزلہ، زکام، بخار ہے تو اسے سفر کی اجازت نہ دی جائے،کوئی بھی مسافر ماسک، گلو ز کے بغیر سفر نہیں کرے گا، مسافر کم سے کم سامان کے ساتھ سفر کریں،65سال سے زائد مسافروں کے ساتھ کی سیٹ خالی رکھی جائے گی، بسوں /کوچز میں سوار کرنے سے قبل مسافروں کا ٹمپریچر چیک کیا جائے جبکہ بس کا عملہ کا بھی بس میں سوار ہونے سے قبل ٹمپریچر چیک کیا جائے اور تمام عملہ نے ماسک اور گلوز پہنے ہونے چاہیے،مسافروں کی انتظار گاہ کی مکمل صفائی اور واش رومز بار بار صاف کئے جائیں۔

انہوں نے مسافر کوچز کے مالکان کو حکومتی ہدایات نامہ فراہم کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام حفاظتی ایس او پیز اس پر درج ہیں اور تمام مالکان اپنی ٹرانسپورٹ پر ان حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں گے جبکہ نئے کرایہ ناموں کے نرخ بمطابق شہر اپنے بس اسٹینڈز، ٹکٹ بکنگ سینٹرز اور بس/کوچز میں نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں گے بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں موجود تما م ٹرانسپورٹرز نے حفاظتی قواعد و ضوابط پر عملدرآمد سمیت اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں