Dated:05-06-2020
سیکرٹری عشروزکواة عالمگیر خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے حکومت پنجاب نے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ضلعی انتظامیہ حکومتی حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد اور خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائے۔
یہ بات انہوں نے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کے ہمراہ ضلع میں کورونا، ٹڈی دل، ڈینگی، پرائس کنٹرول اور گندم خریداری کے حوالہ سے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کےلئے منعقدہ اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری عشروزکواة عالمگیر خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے وسیع عوامی مفاد میں لاک ڈاﺅن میں نرمی اور شہریوں کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کے باعث کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جو باعث تشویش ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ حکومتی قواعد وضوابط اور کاروباری شرائط پر سختی سے عملدرآمد کرائے۔انہوں نے کہا کہ ہوم آئسولیشن کے حوالہ سے بھی حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ یہ سہولت حاصل کرنے والے افراد میں اس کے پھیلاﺅ کا سبب نہ بنیں۔
انہوں نے کورونا کے انسدادی و حفاظتی اقدامات پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اس میں مزید بہتری لاتے ہوئے کورونا وارڈز میں بیڈز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے جبکہ کورونا وائرس کے مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز سمیت دیگر طبی عملہ کی حفاظت ترجیحات میں سرفہرست ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائر س کے ساتھ انسداد ڈینگی مہم کو بھی ترجیح دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کی فیلڈ ٹیمیں سرویلنس کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھیں اور ڈینگی کے ممکنہ افزائشی مقامات پر انسدادی کارروائیاں اور عوامی سطح پر آگہی مہم جاری رکھی جائے۔انہوں نے ٹڈی دل کے حوالہ سے بھی انتظامیہ کی جانب سے تشکیل دیئے جانے والے سرویلنس اور انسدادی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدرتی آفت ہے اور اس کے سدباب کے لئے ہمیں مل کر کوششیں جاری رکھنا ہوں گی حکومت پنجاب ٹڈی دل کے انسداد کےلئے بھر پور وسائل فراہم کر رہی ہے۔صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ ہنگامی حالات میں عوام کا معاشی استحصال کرنے والے کسی ر عایت کے مستحق نہیں ایسے عناصر کے خلاف بھر پور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرافروشی، ذخیر ہ اندوزی اور ناپ تول میں کمی کرنے والوں کے خلاف شکنجہ تنگ کریں۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں کورونا وائر س کے کیسز میں اضافہ کے باعث طبی سہولیات میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور عوام کو اس وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے بھر پور آگہی وتشہیری مہم بھی چلائی جا رہی ہے جبکہ لاک ڈاﺅن میں نرمی او رحکومت کی جانب سے حفاظتی اقدامات بارے فراہم کی جانے والی گائیڈ لائن پر عملدرآمد نہ کرنے والے کاروباری مراکزاور دکانداران کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں کورو نا وائرس سے متاثرہ 397کیس رپورٹ ہوئے جس میں سے 194صحت یاب اور17اموات واقع ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے باعث شیخ زید ہسپتال میں قائم کورونا آئسولیشن وارڈز میں بیڈز کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ قرنطینہ مراکز میں بھی کنفرم اور مشتبہ مریضوں کےلئے مزید بیڈز /سہولیات بڑھائی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈینگی کے حوالہ سے سرویلنس ٹیموں کی کارکردگی روزانہ مانیٹر کی جا رہی ہے یہ ضلع ڈینگی فری ہے اور انشاءاللہ اس حیثیت کو برقرار رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے چھٹیوں میں ضلع کی تمام تحصیلوں میں ٹڈی دل نے ملحقہ اضلاع اور صوبوں سے حملہ آور ہوتے ہوئے فصلوں کو نقصان پہنچایا تاہم بروقت انسدادی کارروائیوں کے باعث حملہ آور ٹڈی دل کا تدارک کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کی سرویلنس اور انسداد کے لئے دریائی علاقوں میں 13، چولستانی ایریا میں19ٹیمیں موجود ہیںجبکہ ضلع کو23زرعی زون میں تقسیم کرتے ہوئے ہر زون میں25افراد پر مشتمل سرویلنس و کمبٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو جدید سپرئیر مشینوں کے ہمراہ کسی بھی ممکنہ ٹڈی دل حملہ کی صورت میں انسدادی کارروائیاں کریں گی اور اس مہم میں ضلعی انتظامیہ کو پاک آرمی، رینجرز، پولیس سمیت مقامی آبادی کی مدد بھی حاصل ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گرانفروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور تما م پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو واضح ہدایات ہیں کہ گرانفروشوں ، ذخیرہ اندوزی کے مرتکب افراد کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔اجلا س میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران موجو دتھے۔
Load/Hide Comments