Dated:16-06-2020
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر صدارت نہری پانی چوری کی روک تھام کےلئے تشکیل دی جانے والی ضلعی کمیٹی برائے انسداد نہری پانی چوری کا اجلاس منعقد ہوا۔جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے نہری پانی چوری کی روک تھام، ٹیل سمیت تمام کاشتکاروں کو مکمل پانی کی فراہمی اور نہری پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور انسدادی کارروائیوں کے لئے ضلعی و تحصیل سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے جس کے تحت ضلع بھر میں ضلع و تحصیل سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ضلعی کمیٹی کے سربراہ ڈپٹی کمشنر جبکہ تحصیل سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز ہوں گے کمیٹی میں محکمہ پولیس، انہار، پراسیکیوٹرز اور کاشتکار تنظیموں کے نمائندگان شامل ہوں گے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ضلعی کمیٹی کے تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے نہری پانی چوری کی روک تھام کےلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے ہیں جس کے تحت کاشتکارتنظیموں سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادار وں کی مدد سے نہری پانی کی ٹیل کے کاشتکار وں تک فراہمی اور پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مدد حاصل ہو گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ہفتہ وار تحصیل کمیٹی کا اجلاس منعقد کرکے نہروں میں پانی کی آمد اور تقسیم کو تسلسل کے ساتھ چیک جبکہ ٹیل کے کاشتکار وں سے بھی قریبی رابطہ رکھتے ہوئے پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہو گی اور عدالتوں میں موثر پیروی کی جائے گی تاکہ ملوث عناصر کو سزا مل سکے۔
انہوں نے محکمہ انہار کے افسران پر بھی واضح کیا کہ پانی چوری میں معاونت کرنے والے افسران و اہلکاران کو بھی کسی صورت معاف نہیں کیا جائے ۔انہوں نے محکمہ انہار، پولیس اور ڈسٹرکٹ پراسکیوٹرز کے مابین مستحکم روابط کو یقینی بنانے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر رحیم یار خان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی تمام قانونی پہلوﺅں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے پانی چوروں کے خلاف کیس تیار کرنے میں دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز و متعلقہ عملہ کو معاونت فراہم کرے گی جبکہ زیر التواءکیسز کو بھی جلد رجسٹرڈ کرانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔اجلاس میں کاشتکار تنظیموں کے رہنماﺅں چوہدری محمد یسین، حاجی ریاض چیمہ، چوہدری جمیل ناصر و دیگر نے حکومت کی جانب سے نہری پانی چوری کی روک تھام کےلئے کمیٹیاں تشکیل دیئے جانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کایقین دلایا۔کاشتکاران نے بتایا کہ محکمہ انہار سکارپ ونگ پنجاب نے تمام کنال کی ڈیزائینگ 7کیوسک فی ایک ہزار ایکڑ بنا رکھی ھے اور پانی نکاسی موگہ 2۔4 کیوسک فی ایک ہزار ایکڑ پر ڈیزائن کررکھا ھے۔ اگر تمام موگہ جات کی ڈیزائینگ 7کیوسک کے مطابق کردی جائے تو نہری پانی چوری کرنے کی الزامات و شکایات بلکل ختم ھوسکتیں ھیںجس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام سے یہ مسئلہ فوری حل کرانے کی یقین دہانی کرائی
Load/Hide Comments