اسلامیہ یونیورسٹی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی آن لائن کلاسز کی رینکنگ میں ٹاپ پر”

بہاول پور (پ ر) اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی آن لائن کلاسز کی رینکنگ میں سو فیصد سکور کے ساتھ ٹاپ جامعات میں شامل ہو گئی۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے آن لائن کلاسز کی تیاری، نفاذ اور موثر ہونے کے لحاظ سے ملک کی 106جامعات کی رینکنگ جاری کی جس میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی ٹاپ پوزیشن ہے۔ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر کی قیادت میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ملک بھر میں وہ پہلی جامعہ تھی جس نے کووڈ 19بحران کے پیش نظر طلبا وطالبات کا قیمتی وقت اور والدین کا سرمایہ بچانے کی خاطر آن لائن کلاسز کے نفاذ کا فیصلہ کیا۔ اس مقصد کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈمکس نے ہنگامی اقدامات کیے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بلینڈڈ آن لائن سسٹم کا طریقہ کار رائج کیا جس سے پہلے مرحلے میں 25000طلبا وطالبات مستفید ہوئے، 800اساتذہ نے دن رات کا وشوں سے سپرنگ سمسٹر مکمل کرایا۔ اس سسٹم کی خوبی یہ تھی کہ انٹرنیٹ میں دشواری کا سامنا کرنے والے طلباء وطالبات کے لیے یو ایس بی اور پرنٹڈ میٹریل کی فراہمی اور لینڈ لائن فون سے رہنمائی کا بندوبست کیا گیا۔

لرننگ مینجمنٹ سسٹم سے کورس میٹریل کی فراہمی اور آڈیو ویڈیو لیکچر دئیے گئے۔ گزشتہ ہفتے جامعہ نے کمپوزٹ آن لائن امتحانات کا اعلان کیا ہے جسکے بعد آئندہ سمسٹر میں داخلوں کا آغاز ہو جائے گا۔ تعلیمی حلقوں، اساتذہ اور طلباء وطالبات کے علاوہ سول سوسائٹی اور معاشرے کے دیگر طبقات کے آن لائن کلاسز کے اقدام پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے دوراندیشی پر مبنی اقدام کو سراہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں