قربانی کے جانوروں کی شہری حدود میں خرید و فروخت پر پابندی عائد”

رحیم یار خان( )ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر عید الاضحی کے موقع پر کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔

قربانی کے جانوروں کی شہری حدود میں خرید و فروخت پر پابندی عائد ہو گی جبکہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز شہری حدود کے باہر وسیع میدانوں کی نشاندہی کریں جہاں پر مویشی منڈیا ں کورونا حفاظتی اقدامات کے ساتھ قائم کی جائیں گی۔یہ ہدایات انہوں نے عید الاضحی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)شیخ محمد طاہر، اسسٹنٹ کمشنرز چوہدری اعتزاز انجم، ریاست علی سمیت محکمہ صحت، لائیو سٹاک، سیکورٹی برانچ، چیف افسران میونسپل و ٹاؤن کمیٹیز/کارپوریشن اور دیگر موجود تھے
جبکہ اسسٹنٹ کمشنر خانپور، لیاقت پور اور صادق آباد نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آمدہ ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں شہری حدود میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر سختی سے ممانعت ہو گی جبکہ خلاف ورزی کرنے پر مویشی مالکان کے خلاف مقدمات درج اور مویشیوں کو بحق سرکار ضبط کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں شہری حدود سے باہر مویشی منڈیوں کے قیام کے لئے وسیع میدانوں کا انتخاب کریں گے جہاں چار دیواری یا انہیں چاروں اطراف سے بند کرکے مویشیوں کی خریداری کے لئے آنے والے افراد کا ایک ہی داخلی راستہ بنایا جائے گا اور کوئی بھی شخص بغیر ماسک، گلوز مویشی منڈی میں داخل نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مویشی منڈی کے داخلی راستوں پر شہریوں کو ہاتھ دھونے کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ محکمہ صحت اور لائیو سٹاک اپنا کیمپ لگائے گے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی برانچ مویشی منڈیوں کا سیکورٹی پلان جاری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر محکمہ لائیو سٹاک، صحت اپنے کیمپ قائم کرے گا اور بیرون اضلاع سے آنے والے جانوروں پر جراثیم کش سپرے کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں کے چیف افسران میونسپل /ٹاؤن کمیٹیز کے ساتھ مل کر فوری مویشی منڈیوں کے لئے جگہ کا انتخاب کریں گی جبکہ پولیس شہری حدود میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام ادارے عوامی آگہی کے لئے بھی متحرک کردار ادا کریں اور شہریوں کو کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے حکومتی حفاظتی ایس او پیز سے آگاہ کریں جبکہ شہری بھی قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لئے جاتے وقت بچوں اور خواتین کو ساتھ نہ لیکر جائیں اور نہ ہی ایک گھرانے سے دو سے زائد افراد مویشی منڈیوں میں قربانی کا جانور خریدنے جائیں۔انہوں نے محکمہ صحت کو بھی اپنا پلان بنانے کی ہدایت کی جبکہ ضلع ہذا کی تمام میونسپل، ٹاؤن کمیٹیز اور کارپوریشن مویشی منڈیوں اور عید الاضحی کے موقع پر صفائی انتظامات یقینی بنانے کے لئے اپنی حکمت عملی فوری مرتب کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں