امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ہر مکتبہ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ ڈی پی او

رحیم یارخان ( ) ڈی پی او منتظر مہدی نے کہا ہے کہ پولیس محرم الحرام کے موقع پر فول پروف سیکورٹی انتظامات کر رہی ہے۔ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ہر مکتبہ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ منتظمین جلوس و مجالس پولیس و دیگر ذمہ دار اداروں سے رابطے میں رہیں محرم سے قبل تمام حل طلب مسائل نمٹالیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منتظمین جلوس و مجالس کے ساتھ ہونے والی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں لائسنسداران یاسین شاہ، نیاز شاہ، فیاض شاہ، صفدر شاہ، سید مجید حسن زیدی، فدا حسین شاہ، شکیلہ بی بی، غلام رضا دشتی، نور شاہ، منظور حسین چانڈیہ، عمران اقبال شاہ، سجاد حسین شاہ، جاوید حسین شاہ، نیئر عباس شاہ، سبطین شاہ، صابر حسین شاہ، سید علی رضا زیدی اور شیر شاہ کے علاوہ انچارج سکیورٹی برانچ حسن اقبال، پی آر او احمد چیمہ اور پی ایس او سیف علی وینس بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کا اہم فریضہ محکمہ پولیس کے ذمہ ہے جسے ہم گزشتہ ادوار اور موجودہ حالات کے مطابق احسن طریقہ پر پورا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور اس سلسلہ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ سکیورٹی پلان کی تیاری جاری ہے اور جس میں ہم کورونا کے حوالے سے بھی منتظمین کی ذمہ داریاں شامل کریں گے جس کے لیے آپ نے اہم کردار ادا کر نا ہے، انہوں نے کہا کہ امن وامان کو برقرار رکھنا ہر محب وطن کی ذمہ داری ہے جس کے لیے تمام مکاتب فکر پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنا کلیدی کردار ادا کرے، اس عام عوام کو بھی اپنے گرد نظر رکھنی ہے اور پر مشکوک چیز اور اشخاص کے بارہ میں قریبی پولیس افسر یا پکار 15 پر اطلاع دینی ہو گی جس سے ہم کسی بھی ناگہانی صورت حال سے بچ سکتے ہیں،منتظمین جلوس و مجالس پولیس و دیگر ذمہ دار اداروں سے رابطے میں رہیں محرم سے قبل تمام حل طلب مسائل نمٹالیں گے اور ان شاء اللہ ضلع میں امن و امان کی صورت حال مثالی رہے گی۔ اس موقع پر منتظمین نے بھی کچھ حال طلب مسائل کی جانب توجہ دلائیجس پر ڈی پی او منتظر مہدی نے حل کرنے کے لیے انچارج سکیورٹی حسن اقبال کے ذمہ لگایا۔ منتظمین نے پولیس کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے اور ان کے تعاون محکمہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں